
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ رائل اینفیلڈ نے ہمالیہ میں آئس ہاکی کے فروغ کے لیے اپنے چوتھے سیزن کا اعلان کیا ہے۔ اس پہل کے تحت لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں کھلاڑیوں، کوچز، ریفریز اور گول کیپرز کو تربیت دے کر زمینی سطح پر کھیل کا مضبوط نظام تیار کیا جائے گا۔
اس سیزن کا آغاز 9 سے 13 نومبر تک لیہہ کے نوانگ دورجے اسٹوبدان (این ڈی ایس) اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے خصوصی گول کیپر تربیتی پروگرام سے ہوگا۔ بین الاقوامی گول کیپر کوچ میٹ ڈارلو لداخ اور اسپیتی کے گول کیپرز کو تربیت دیں گے۔ وہیں ریفریز کی تربیت کی ذمہ داری بین الاقوامی آئس ہاکی فیڈریشن سے سند یافتہ پیٹر گیبی سنبھالیں گے، جنہیں اس کھیل میں چار دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔
اس کے علاوہ لیہہ، دہرادون اور گروگرام میں کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے بھی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ دسمبر سے فروری 2027 تک زمینی سطح پر ’لرن ٹو پلے‘ پروگرام چلایا جائے گا۔
اس سیزن کے اہم پروگراموں میں رائل اینفیلڈ آئس ہاکی لیگ (آر ای آئی ایچ ایل) اور ہماچل پردیش کے کازہ میں منعقد ہونے والا اسپیتی کپ شامل ہیں۔ دونوں مقابلے اپنے انعقاد کے چوتھے سال میں داخل ہوں گے۔ آر ای آئی ایچ ایل کا انعقاد لداخ انتظامیہ اور آئس ہاکی ایسوسی ایشن آف لداخ کے تعاون سے ہوگا، جبکہ اسپیتی کپ آئس ہاکی ایسوسی ایشن آف لاہول اسپیتی کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا۔
آئشر گروپ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بیدیشا ڈے نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کھیل سے وابستہ مقامی مہارت کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ یہاں کے کھلاڑیوں، کوچز اور عہدیداروں کو عالمی معیار کی صلاحیتوں سے لیس کیا جا سکے۔ اس سے عالمی ونٹر اسپورٹس کے میدان میں ہندوستان کے مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد تیار ہو رہی ہے۔
رائل اینفیلڈ آئس ہاکی لیگ اور اسپیتی کپ کے 2026 کے ایڈیشن میں مردوں اور خواتین کے زمرے کے مقابلے منعقد کیے گئے تھے۔ اسپیتی کپ میں انڈر 18 لڑکوں کا زمرہ بھی شامل تھا۔ آر ای آئی ایچ ایل میں مردوں کی 11 اور خواتین کی پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔ مردوں کے زمرے میں ہومس واریئرز اور خواتین کے زمرے میں شام ایگلز نے خطاب جیتا۔
اسپیتی کپ میں سینٹرل زون نے مردوں اور خواتین دونوں زمروں کے خطاب اپنے نام کیے، جبکہ شام زون انڈر 18 زمرے کا فاتح بنا۔
اس دوران ہمالیائی ثقافت اور وہاں کی برادریوں کو نمایاں کرنے کے لیے ’جرنئنگ اکراس دی ہمالیاز‘ کا تیسرا ایڈیشن 3 سے 9 دسمبر تک نئی دہلی کے ٹراونکور پیلس میں منعقد ہوگا۔ اس پروگرام میں آئس ہاکی سے متعلق ایک خصوصی تجربہ بھی پیش کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد