
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بدھ کے روز مالیاتی بازاروں کے لیے تکنیکی مشاورتی کمیٹی (ٹی سی سی ایف ایم) تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمیٹی کرنسی مارکیٹ اور سرکاری سیکیورٹیز سمیت دیگر شعبوں سے متعلق اہم پالیسی اور عملی امور پر غور کرے گی۔
آر بی آئی نے ایک نوٹیفکیشن میں بتایا کہ کمیٹی کی صدارت مالیاتی بازار ضابطہ کاری محکمہ (ایف ایم آر ڈی) کے انچارج ڈپٹی گورنر کریں گے۔ فی الحال یہ ذمہ داری ڈپٹی گورنر روہت جین کے پاس ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ کمیٹی کرنسی، سرکاری سیکیورٹیز اور غیر ملکی زرمبادلہ کی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ ڈیریویٹیوز (فیوچر اور آپشنز) مارکیٹوں اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق پالیسی اور عملی امور پر بازار کے شرکاء اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ منظم تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
کمیٹی کے اراکین میں بھارتی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ (سیبی) کے سابق کل وقتی رکن اور آئی آئی ٹی بمبئی میں پروفیسر آف پریکٹس اننت نارائن، ایکسس بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیرج گمبھیر، آئی سی آئی سی آئی بینک میں ٹریژری اور اقتصادی تحقیق کے سربراہ شیلیندر جھنگن اور سٹی بینک انڈیا میں منیجنگ ڈائریکٹر اور مارکیٹس کے سربراہ آدتیہ باگری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کمیٹی میں ایف آئی ایم ایم ڈی اے کے چیئرمین اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شمشیر سنگھ، سی سی آئی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر نند کشور اور مورگن اسٹینلی انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر ردھم دیسائی بھی رکن ہوں گے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ کمیٹی کاروبار، کلیئرنگ، تصفیہ، رپورٹنگ اور بازار کے دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے ساتھ ساتھ متعلقہ ضابطہ جاتی اور عملی نظام پر بھی غور کرے گی۔
آر بی آئی کے مطابق، کمیٹی کی میٹنگ کم از کم ہر سہ ماہی میں ایک بار منعقد ہوگی۔ یہ قدم 7 اکتوبر کو جاری کیے گئے ’ترقیاتی اور ضابطہ جاتی پالیسیوں‘ سے متعلق بیان کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد