آر آئی این ایل کی زمینوں کی ای نیلامی کے دوسرے مرحلے سے 218 کروڑ روپے حاصل، تیسرے مرحلے کی تیاری شروع
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن(این ایل ایم سی)نے راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ (آر آئی این ایل) کے پلاٹوں کی ای نیلامی کا دوسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 114 پلاٹوں کی فروخت ہوئی، جن سے 218
آر آئی این ایل کی زمینوں کی ای نیلامی کے دوسرے مرحلے سے 218 کروڑ روپے حاصل، تیسرے مرحلے کی تیاری شروع


نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن(این ایل ایم سی)نے راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ (آر آئی این ایل) کے پلاٹوں کی ای نیلامی کا دوسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 114 پلاٹوں کی فروخت ہوئی، جن سے 218 کروڑ روپے کی کامیاب بولیاں موصول ہوئیں۔ ان پلاٹوں کی مجموعی ریزرو قیمت 184.8 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ اس طرح کامیاب بولیاں مقررہ ریزرو قیمت سے 17.96 فیصد زیادہ رہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق، دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ کامیاب بولی 1,82,650 روپے فی مربع گز درج کی گئی، جبکہ کسی ایک پلاٹ کی ریزرو قیمت کے مقابلے میں سب سے زیادہ پریمیم 67.65 فیصد رہا۔ وزارت نے اسے مسابقتی بولی کے عمل اور بازار کی بنیاد پر مؤثر قیمت طے ہونے کا ثبوت قرار دیا ہے۔

اس سے قبل پہلے مرحلے میں این ایل ایم سی نے مجموعی طور پر 150 پلاٹوں کی کامیاب نیلامی کی تھی، جس سے 366.33 کروڑ روپے کی بولی کی رقم حاصل ہوئی تھی۔ ان پلاٹوں کی مجموعی ریزرو قیمت 312.48 کروڑ روپے تھی۔ پہلے مرحلے میں کامیاب بولیاں اوسطاً ریزرو قیمت سے 17.23 فیصد زیادہ رہی تھیں۔ اس دوران نیلامی کی سب سے زیادہ قیمت 1.80 لاکھ روپے فی مربع گز سے بھی زیادہ درج کی گئی تھی۔

وزارت کے مطابق، ای نیلامی کے دونوں مراحل مکمل ہونے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 264 پلاٹ کامیابی کے ساتھ نیلام کیے جاچکے ہیں۔ ان سے 584.33 کروڑ روپے کی کامیاب بولیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ ان کی مجموعی ریزرو قیمت 497.29 کروڑ روپے تھی۔12 اکتوبر اور 3 نومبر کو ایک ماہ کے اندر ای نیلامی کے دونوں مراحل کی کامیاب تکمیل سے این ایل ایم سی نے اہم انتظامی اور عملی معیار قائم کیے ہیں۔ اس سے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس ای) اور دیگر سرکاری اداروں کی اضافی زمینوں اور غیر منقولہ اثاثوں کو سرمایہ میں تبدیل کرنے سے متعلق اسی طرح کے معاملات انجام دینے کی اس کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن حکومت کی مکمل ملکیت والی کمپنی ہے، جو وزارت خزانہ کے محکمہ سرکاری اداروں کے انتظامی کنٹرول میں کام کرتی ہے۔ یہ ادارہ مرکزی سرکاری شعبے کی کمپنیوں اور دیگر سرکاری اداروں کے پاس موجود اضافی زمینوں اور عمارتوں کی شناخت، جائزہ، تیاری اور ان سے مالی فائدہ حاصل کرنے کے عمل کو منظم، شفاف اور بازار پر مبنی طریقے سے آگے بڑھانے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande