
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س): ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے مدھیہ پردیش خواتین ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد 19 سے 28 نومبر تک بھوپال کے ناتھو برخڑا میں واقع انٹرنیشنل اسپورٹس کمپلیکس کے نئے ہاکی اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ اس مقابلے میں ہندوستان، جاپان، چین، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں خطاب کے لیے اپنی دعویداری پیش کریں گی۔
یہ ٹورنامنٹ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ گزشتہ ماہ جاپان میں منعقدہ ایشیائی کھیلوں میں تاریخی طلائی تمغہ جیتنے کے بعد یہ اس کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ ہوگا۔ میزبان ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں موجودہ چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم اب تک 2016، 2023 اور 2024 میں یہ خطاب اپنے نام کر چکی ہے۔ ایسے میں ٹیم کی نظریں مسلسل تیسری بار چیمپئن بننے اور اپنے خطاب کی تعداد میں اضافہ کرنے پر ہوں گی۔
ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس میں تمام چھ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ لیگ مرحلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست چار مقام حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں داخل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے پہلے دن 19 نومبر کو چین اور تھائی لینڈ کے درمیان افتتاحی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز ملائیشیا کے خلاف کرے گا۔ اسی دن میچ سے قبل افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
اس کے بعد میزبان ہندوستانی ٹیم 21 نومبر کو جنوبی کوریا، 22 نومبر کو تھائی لینڈ، 24 نومبر کو چین اور 25 نومبر کو جاپان کا سامنا کرے گی۔
20، 23 اور 26 نومبر کو آرام کے دن مقرر کیے گئے ہیں۔ 27 نومبر کو پانچویں اور چھٹے مقام کے لیے درجہ بندی کا میچ کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں سیمی فائنل مقابلے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا اختتام 28 نومبر کو کانسے کے تمغے کے لیے میچ اور فائنل کے ساتھ ہوگا، جس میں تین تمغے جیتنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔
ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا، ’’مدھیہ پردیش ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال 2026، ایشیا میں خواتین کی ہاکی کی بڑھتی ہوئی طاقت کا جشن منانے کا ایک شاندار موقع ہوگا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ بھوپال چھ مضبوط ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔ مجھے امید ہے کہ ہماری ہندوستانی ٹیم ایشیائی کھیلوں میں حاصل ہونے والی حالیہ کامیابی کو آگے بڑھائے گی اور اپنے خطاب کا دفاع کرے گی۔‘‘
ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ایشیا کی مضبوط خواتین ہاکی ٹیمیں ایک ساتھ نظر آئیں گی۔ ایشیائی کھیلوں میں تاریخی طلائی تمغہ جیتنے کے بعد یہ مقابلہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے اپنی بہترین کارکردگی اور اعتماد کو برقرار رکھنے کا ایک اہم موقع ہوگا۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں مدھیہ پردیش حکومت کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی انڈیا بھوپال میں تمام شریک ٹیموں، عہدیداروں اور ہاکی شائقین کا استقبال کرنے کے لیے پُرجوش ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد