یامال چیمپئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے، ایمباپے کو پیچھے چھوڑا
بارسلونا، 4 نومبر (ہ س)۔ بارسلونا کے نوجوان فٹبالر لامین یامال نے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں تاریخی کامیابی اپنے نام کی ہے۔ ایسٹن ولا کے خلاف منگل کی رات کھیلے گئے مقابلے میں گول داغتے ہی یامال اس باوقار ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے
لامین یامال فوٹو بارسلونا ایف سی سوشل میڈیا ایکس


بارسلونا، 4 نومبر (ہ س)۔

بارسلونا کے نوجوان فٹبالر لامین یامال نے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں تاریخی کامیابی اپنے نام کی ہے۔ ایسٹن ولا کے خلاف منگل کی رات کھیلے گئے مقابلے میں گول داغتے ہی یامال اس باوقار ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے سب سےکم عمر کھلاڑی (20 سال سے کم عمر) بن گئے۔ انہوں نے فرانس کے مایہ ناز فٹبالر کلیان ایمباپے کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔

19 سالہ یامال نے کیمپ نو میں کھیلے گئے مقابلے کے ساتویں منٹ میں ایسٹن ولا کے خلاف شاندار گول کیا۔ چیمپئنز لیگ میں یہ ان کا 14واں گول تھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایمباپے کے نام تھا، جنہوں نے سب سے کم عمر کھلاڑی رہتے ہوئے اس مقابلے میں 13 گول کیے تھے۔ اس میچ میں بارسلونا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسٹن ولا کو 0-3 سے شکست دی۔ دوسرے ہاف میں رافینہا نے دو گول کر کے ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔

بارسلونا کی ویب سائٹ کے مطابق لامین یامال مسلسل ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ منگل کو ایسٹن ولا کے خلاف یہ فارورڈ کھلاڑی 20 سال سے کم عمر میں چیمپئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بن گیا۔ ان کے نام اب 14 گول ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کلیان ایمباپے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جنہوں نے اپنے دورِ نوجوانی میں 13 گول کیے تھے۔

لامین یامال نے چیمپئنز لیگ کے صرف 37 میچوں میں یہ ہندسہ عبور کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ ابھی 20 سال کے بھی نہیں ہوئے ہیں۔ ان کی 20ویں سالگرہ اگلے سال جولائی میں آئے گی۔ ایسے میں ان کے پاس اس ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے کئی مواقع ہوں گے۔

ایمباپے اب تک چیمپئنز لیگ میں مجموعی طور پر 72 گول کر چکے ہیں اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ تاہم، سب سے کم عمر کھلاڑیوں کے درمیان سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اب یامال کے نام ہو گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande