
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔
زمبابوے نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں افغانستان کے خلاف ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ باقاعدہ کپتان رچرڈ نگاروا کے زخمی ہونے کے باعث ان کی عدم موجودگی میں برائن بینیٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے۔
زمبابوے کرکٹ کے مطابق رچرڈ ابھی بھی کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ٹیم سے باہر ہیں۔ تیز گیندباز تناکا چیوانگا بھی چوٹ کے باعث اس سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس ٹیم میں زیادہ تر وہی کھلاڑی شامل ہیں جو اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے جون میں ہرارے اسپورٹس کلب میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 85 رنوں سے ہرا کر زمبابوے کی اب تک کی سب سے بڑی ٹیسٹ جیت درج کی تھی۔ بلے بازی کے شعبے میں تجربہ کار برینڈن ٹیلر اور کریگ ارون کے ساتھ اینوسینٹ کائیا، بین کرن، تادیواناشے مارومانی اور ویسلی مدھیویرے جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ تجربہ کار لیگ اسپنر گریم کریمر بھی ٹیسٹ ٹیم سے وابستہ ہو گئے ہیں۔
کنڈائی ماتگیمو اور ونسنٹ ماسیکیسا کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر اینٹم نقوی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اب زمبابوے کی نمائندگی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہلیت سے متعلق معیارات پورے کر لیے ہیں۔
تیز گیندبازی کے شعبے میں بلیسنگ مزاربانی اہم گیندباز ہوں گے۔ ان کے ساتھ بریڈ ایونز، نیومین نیامہوری، کنڈائی ماتگی مو اور پہلی بار ٹیم میں شامل کیے گئے ارنسٹ ماسوکو کو موقع دیا گیا ہے۔ اسپن شعبے کی ذمہ داری گریم کریمر، ونسنٹ ماسیکیسا اور ویلنگٹن مساکادزا سنبھالیں گے۔
افغانستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے زمبابوے کی ٹیم:
برائن بینیٹ (کپتان)، اینٹم نقوی، بین کرن، بلیسنگ مزاربانی، بریڈ ایونز، برینڈن ٹیلر، کریگ ارون، گریم کریمر، اینوسینٹ کائیا، ارنسٹ ماسوکو، کنڈائی ماتگیمو، نیومین نیامہوری، تادیواناشے مارومانی، تفادزوا سیگا، ونسنٹ ماسیکیسا، ویلنگٹن مساکادزا، ویسلی مدھیویرے۔ دو میچوں کی یہ سیریز 5 نومبر سے شروع ہوگی اور دوسرا ٹیسٹ 13 نومبر سے کھیلا جائے گا۔ دونوں میچ شارجہ کے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / انظر حسن