خواتین ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والی پریما راوت کو سی اے یو کے سکریٹری مہیم ورما نے مبارکباد دی
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق نائب صدر اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف اتراکھنڈ (سی اے یو) کے سکریٹری مہیم ورما نے خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والی بھارتی کھلاڑی پریما راوت کی شاندار کارکردگی
پریما راوت


نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق نائب صدر اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف اتراکھنڈ (سی اے یو) کے سکریٹری مہیم ورما نے خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والی بھارتی کھلاڑی پریما راوت کی شاندار کارکردگی کی زبردست ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریما راوت نے جو کامیابی حاصل کی ہے، اس پر نہ صرف اتراکھنڈ بلکہ پورے ملک کو فخر ہے۔

اتراکھنڈ کی 24 سالہ پریما راوت نے سینئر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹرافی میں اپنی جارحانہ بلے بازی سے سبھی کو متاثر کیا۔ 2 نومبر کو حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں پریما نے محض 14 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے پاکستان کی فاطمہ ثنا کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 15 گیندوں میں نصف سنچری بنائی تھی۔ اپنی اس تاریخی اننگز میں انہوں نے 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ صرف بلے بازی ہی نہیں بلکہ گیند بازی میں بھی انہوں نے 4 اوورز میں محض 12 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

مہیم ورما نے پریما کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 گیندوں میں ریکارڈ نصف سنچری بنانا اور گیند و بلے دونوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ان کی غیر معمولی صلاحیت اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پریما ایک انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں، جو ایک دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود آج عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔ کرکٹ ایسوسی ایشن آف اتراکھنڈ ہمیشہ سے ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کام کرتی رہی ہے۔ حال ہی میں منعقدہ اتراکھنڈ پریمیئر لیگ (یو پی ایل) میں ان کی شاندار کارکردگی سے واضح ہو گیا تھا کہ وہ بڑے پلیٹ فارم کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ پریما مستقبل میں بھی اسی طرح نئے ریکارڈ قائم کریں گی اور بھارتی ٹیم کے لیے طویل عرصے تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہیں گی۔

اتراکھنڈ کے ایک دور دراز اور پسماندہ دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی پریما کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کرکٹ ایسوسی ایشن آف اتراکھنڈ کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ سی اے یو نے ابتدائی دنوں ہی میں پریما کی صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا اور انہیں ہر ممکن سہولیات، جدید کوچنگ اور مناسب رہنمائی فراہم کی۔

حال ہی میں منعقدہ اتراکھنڈ پریمیئر لیگ نے بھی ان کے کرکٹ کیریئر میں اہم کردار ادا کیا۔ یو پی ایل کے ذریعے حاصل ہونے والے شاندار تجربے اور میچ کھیلنے کے مواقع کی بدولت ہی وہ آج اتراکھنڈ کی ٹیم کے لیے اس طرح کی میچ وننگ کارکردگی پیش کر پا رہی ہیں۔

پریما اب تک بھارت کے لیے سات ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیل چکی ہیں، جن میں انہوں نے 7 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ویمنز پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے کھیلتی ہیں۔

میچ کی بات کریں تو پریما راوت کی 50 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت اتراکھنڈ کی ٹیم نے 20 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔ جواب میں حیدرآباد کی ٹیم مقررہ 20 اوورز کھیلنے کے بعد 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 98 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح اتراکھنڈ نے یہ مقابلہ 89 رنز کے بڑے فرق سے جیت لیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande