
ہگلی، 4 نومبر (ہ س): مغربی بنگال کے ہگلی ضلع کے کون نگر کے 11 سالہ شطرنج کھلاڑی منوشکام مترا نے اپنی شاندار صلاحیتوں کے دم پر ایک بار پھر ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے دوسری جلپائی گوڑی بین الاقوامی عالمی شطرنج فیڈریشن (فیڈے) سے منظور شدہ اوپن شطرنج چیمپئن شپ میں رنر اپ کا خطاب حاصل کیا۔
پوری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہنے والے منوشکام نے 10 راؤنڈ میں 8 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس دوران انہوں نے چندی گڑھ کے بین الاقوامی شطرنج کھلاڑی ہیمال گوسائیں اور مغربی بنگال کے بین الاقوامی شطرنج کھلاڑی نیلاش ساہا کے ساتھ اپنے مقابلے برابر کھیلے۔
اس شاندار کارکردگی کے لیے انہیں رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
گرینڈ ماسٹر بننے کے ہدف کے بارے میں پوچھے جانے پر منوشکام نے نہایت سنجیدگی سے کہا، ’’ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ پہلا قدم ضرور مشکل ہے، لیکن اسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال میرا ہدف 2300 ایلو ریٹنگ حاصل کرنا ہے۔‘‘
بدھ کے روز ہندوستان سماچار سے خصوصی گفتگو میں منوشکام کے والدین نے بیٹے کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی کم عمر میں بین الاقوامی سطح کے مقابلے میں رنر اپ بننا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ بیٹے کی محنت اور مسلسل بہتر ہوتی کارکردگی کو دیکھ کر انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں شطرنج کی دنیا میں بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔
تاہم، اہل خانہ نے اپنی تشویش کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر شطرنج میں آگے بڑھنے اور گرینڈ ماسٹر بننے کا خواب پورا کرنے کے لیے باقاعدہ تربیت، مختلف مقابلوں میں شرکت اور دیگر تیاریوں پر کافی خرچ آتا ہے۔
خاندان چاہتا ہے کہ حکومت یا کسی غیر سرکاری ادارے کی جانب سے منوشکام کو مالی امداد فراہم کی جائے، تاکہ پیسوں کی کمی اس کے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
اہل خانہ نے اپیل کی کہ اگر حکومت، سماجی ادارے یا کوئی دیگر معاون تنظیم آگے آکر منوشکام کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرے تو اسے اپنے ہدف کی جانب بڑھنے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے میں صلاحیت اور محنت کی کوئی کمی نہیں ہے، اسے صرف مناسب رہنمائی اور مالی تعاون کی ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد