
نئی دہلی، 4 نومبر(ہ س)۔
مرکزی وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل رکشا نکھل کھڈسے کو 47ویں عالمی آرم ریسلنگ اور 28ویں عالمی پیرا آرم ریسلنگ چمپئن شپ 2026 کے دوران باوقار ’میڈل آف آنر‘ سے نوازا گیا۔ یہ عالمی آرم ریسلنگ فیڈریشن(ڈبلیو اے ایف) کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ فیڈریشن کے صدر آسین ہاجی ٹوڈوروف نے نئی دہلی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ چیمپئن شپ کے دوران انہیں یہ اعزاز پیش کیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل نے اس موقع پر 60 سے زائد ممالک سے آئے کھلاڑیوں اور عہدیداروں سے ملاقات کی اور تمام شرکا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پہلی بار ہندوستان میں عالمی چمپئن شپ کے انعقاد کو ایک بڑا موقع قرار دیا۔ ساتھ ہی ملک بھر میں آرم ریسلنگ کو فروغ دینے اور اس کھیل کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ اعزاز ملنے پر رکشا کھڈسے نے کہا کہ عالمی آرم ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آرم ریسلنگ کی حوصلہ افزائی اور اس کی ترقی کے لیے ان کا تعاون مسلسل جاری رہے گا۔
اس چمپئن شپ میں 60 سے زائد ممالک کے 1700 سے زیادہ کھلاڑی، عہدیدار اور حامی حصہ لے رہے ہیں۔ اس کا انعقاد پیپلز آرم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کر رہی ہے، جس کی صدارت پریتی جھنگیانی کے پاس ہے۔ وہ ایشین آرم ریسلنگ فیڈریشن کی نائب صدر بھی ہیں۔ ان کے ساتھ پرو پنجا لیگ کے شریک بانی پروین ڈباس بھی اس ایونٹ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ چمپئن شپ عالمی آرم ریسلنگ فیڈریشن کی وابستگی اور رہنمائی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ چمپئن شپ کا اختتام 6 نومبر کو ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan