
نئی دہلی، 3 نومبر (ہ س)۔ اپنے فلیگ شپ برانڈ ’وسکون‘ کے تحت ایل ای ڈی ٹی وی، ایئر کولر، واشنگ مشین اور ایئر کنڈیشنر جیسے صارفین کے الیکٹرانک مصنوعات کا کاروبار کرنے والی دہلی کی کمپنی وسکون انڈسٹریز لمیٹڈ کے حصص نے آج اسٹاک مارکیٹ میں معمولی شروعات کی، جس سے اس کے آئی پی او میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مایوسی ہوئی۔آئی پی او کے تحت کمپنی کے حصص 204 روپے فی شیئر کے حساب سے جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای کے ایس ایم ای پلیٹ فارم پر ان کی لسٹنگ بغیر کسی تبدیلی کے 204 روپے پرہی ہوئی۔
لسٹنگ کے بعد حصص میں فروخت کا دباو¿ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ان کی قیمت گر کر 194 روپے تک پہنچ گئی۔ تاہم، اس گراوٹ کے بعد خریداروں نے حصص کی خریداری شروع کی، جس سے قیمت میں کچھ بہتری آئی۔ مارکیٹ میں دن بھر ہوئی خرید و فروخت کے بعد یہ شیئر 203 روپے پربند ہوا۔ اس طرح دن بھر کے کاروبار میں کمپنی کے آئی پی او کے سرمایہ کاروں کو فی شیئر ایک روپے یعنی 0.49 فیصد کا نقصان ہوا۔
کمپنی کا 110 کروڑ روپے کا آئی پی او 27 سے 29 اکتوبر تک سبسکرپشن کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے سرد ردعمل ملا اور مجموعی طور پر یہ صرف 1.12 گنا سبسکرائب ہو سکا۔ اس میں اہل ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ 2.24 گنا (اینکر سرمایہ کاروں کے علاوہ) سبسکرائب ہوا۔ وہیں غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (این آئی آئی) اور خوردہ سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصص مکمل طور پر سبسکرائب نہیں ہو سکے۔ این آئی آئی کے لئے مختص حصے میں صرف 62 فیصد اور خوردہ سرمایہ کاروں کے مختص حصے میں 65 فیصد سبسکرپشن حاصل ہوسکا تھا۔
اس آئی پی او کے تحت 10 روپے کی فیس ویلیو والے مجموعی طور پر 53,92,200 حصص جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں 88.01 کروڑ روپے مالیت کے 43,14,000 نئے حصص جاری کیے گئے، جب کہ کمپنی کے پروموٹر سدھانت ڈالمیا نے 22 کروڑ روپے مالیت کے 10,78,200 حصص آفر فار سیل (او ایف ایس) کے ذریعے فروخت کیے۔
اس آئی پی او کے تحت حاصل ہونے والی رقم میں سے 15.04 کروڑ روپے کمپنی اپنی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی ’ڈبلیو او ایس ڈالمیا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ‘ میں سرمایہ کاری کرے گی، تاکہ وہاں پلانٹ اور مشینری کی خریداری پر سرمایہ خرچ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ 35 کروڑ روپے ذیلی کمپنی کی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات، 17 کروڑ روپے خود کمپنی کی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات، 5.23 کروڑ روپے مارکیٹنگ اور تشہیری سرگرمیوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ باقی رقم عمومی کارپوریٹ مقاصد اور آئی پی او کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوگی۔
وسکون انڈسٹریز لمیٹڈ کی مالی حالت کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے سیبی میں جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس میں دی گئی معلومات کے مطابق گزشتہ مالی برسوں کے دوران اس کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مالی سال 25-2024 میں کمپنی کی کارکردگی مضبوط رہی، جب کہ مالی سال 26-2025 کے اختتام تک اسے مجموعی طور پر 20.41 کروڑ روپے کا خالص منافع (پرافٹ آفٹر ٹیکس) ہوا۔ موجودہ مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی، یعنی 30 جون تک کمپنی 7.89 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کر چکی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد