
۔ ای ڈی کی کارروائی میں اب تک 23,100 کروڑ روپے کی جائیدادیں ضبط
نئی دہلی، 3 نومبر (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بینک دھوکہ دہی سے متعلق معاملات میں ریلائنس میں انل امبانی گروپ کی مزید 510 کروڑ روپے کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ ان میں طیارے، بینک کھاتوں میں جمع رقم، فکسڈ ڈپازٹس، غیر منقولہ جائیدادیں، سرمایہ کاری اور واجب الادا رقوم شامل ہیں۔ اس کارروائی کے بعد گروپ کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) اور فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت زیر تفتیش مختلف معاملات میں اب تک تقریباً 23,100 کروڑ روپے کی جائیدادیں منسلک یا ضبط کی جا چکی ہیں۔
ای ڈی کے مطابق، یہ کارروائی ریلائنس کمیونی کیشنز لمیٹڈ (آر کام) کے بینک دھوکہ دہی معاملے میں 247.12 کروڑ روپے اور ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ نیز ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ کے بینک دھوکہ دہی کے معاملات میں 263.05 کروڑ روپے کی جائیدادوں سے متعلق ہے۔
آر کام معاملے میں دو چارٹرڈ طیارے، چھ پلاٹ اور مہاراشٹر میں واقع ایک دفتری احاطہ قرق کیا گیا ہے۔ وہیں ریلائنس ہوم فائنانس اور ریلائنس کمرشیل فائنانس سے متعلق معاملات میں تمل ناڈو کی دو ونڈ ملز، بینک کھاتوں میں جمع رقم، فکسڈ ڈپازٹس، سرمایہ کاری اور واجب الادا رقوم سے متعلق اثاثے منسلک کیے گئے ہیں۔
ای ڈی نے دہلی میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، دہلی کے اقتصادی جرائم ونگ اور ممبئی کے اقتصادی جرائم ونگ کی جانب سے درج متعدد ایف آئی آر کی بنیاد پر انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تحقیقات شروع کی تھیں۔ ایجنسی نے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کے تحت بھی دو معاملات کی جانچ کی ہے۔ تحقیقات کے دائرے میں ریلائنس کمیونی کیشنز لمیٹڈ، ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ، ریلائنس کمرشیل فنانس لمیٹڈ، ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ، ریلائنس پاور لمیٹڈ اور ریلائنس کیپٹل لمیٹڈ شامل ہیں۔
ای ڈی کی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ انل امبانی گروپ کی کمپنیوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے حاصل ہونے والی عوامی رقم کا مبینہ طور پر غلط استعمال کیا اور اسے دوسری جگہ منتقل کیا۔ گروپ پر دیوالیہ پن اور قرض نادہندگی کے ضابطے (آئی بی سی) کی دفعات کا مبینہ غلط استعمال کرتے ہوئے کمپنیوں کے اثاثوں کو ذاتی استعمال کے لیے محفوظ کرنے اور ہندوستان سے عوامی رقم بیرون ملک واقع ٹیکس سے بچنے کی پناہ گاہوں تک منتقل کرنے کے الزامات ہیں۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ اس رقم کا بڑا حصہ پروموٹرز اور ان کے اہل خانہ کے ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا۔
ای ڈی ان معاملات میں اب تک 10 افراد کو گرفتار کر چکی ہے اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت استغاثہ کی چھ شکایات دائر کی ہیں۔ اس کے علاوہ فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کے تحت بھی ایک شکایت درج کی گئی ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد