
نئی دہلی، 3 نومبر (ہ س)۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل-کود کی مرکزی وزیر مملکت رکشا نکھل کھڈسے نے منگل کو نئی دہلی میں جاری 47ویں عالمی آرم ریسلنگ اور 28ویں عالمی پیرا آرم ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ہندوستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی یہ چیمپئن شپ 6 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس کا آغاز 29 اکتوبر کو ہوا تھا۔ اس میں 60 سے زیادہ ممالک کے 1700 سے زائد کھلاڑی، عہدیداران اور معاونین شرکت کر رہے ہیں۔
اس چیمپئن شپ کا انعقاد ’پیپلز آرم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا‘ (پی اے ایف آئی) کر رہی ہے۔ اس کی قیادت پی اے ایف آئی کی صدر اور ایشین آرم ریسلنگ فیڈریشن کی نائب صدر پریتی جھنگیانی اور ’پرو پنجا لیگ‘ کے شریک بانی پروین ڈباس کر رہے ہیں۔ یہ مقابلہ ورلڈ آرم ریسلنگ فیڈریشن کی وابستگی اور رہنمائی میں منعقد ہو رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیر موصوف نے مقابلے دیکھے، کھلاڑیوں اور عہدیداروں سے بات چیت کی اور ہندوستانی آرم ریسلرز اور پیرا آرم ریسلرز سمیت تمام شریک ممالک کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کھیل کود کے وزیر مملکت نے کہا، ”ہمارے لیے یہ بہت بڑا موقع ہے کہ ہندوستان 2026 میں 47ویں عالمی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ اور 28ویں عالمی پیرا آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہاں موجود تمام لوگوں کے لیے میری جانب سے نیک خواہشات۔ میں ہندوستان میں بھی آرم ریسلنگ کے اس مقابلے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہوں۔ اس طرح ہم سب مل کر اپنے ملک کے لیے یقیناً کچھ اچھا کر سکتے ہیں۔“
عالمی آرم ریسلنگ اور پیرا آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں ہندوستان اب تک مجموعی طور پر 58 تمغے جیت چکا ہے، جن میں 9 سونے، 19 چاندی اور 30 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ ان میں پیرا زمروں کے 26، سب جونیئر، جونیئر اور یوتھ زمروں کے 20 اور ماسٹرز و گرینڈ ماسٹرز زمروں کے 12 تمغے شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد