شطرنج کی دنیا میں ہندوستان کا کمال، ایتھن واز اور بی۔ ساویتا شری عالمی جونیئر چمپئن بنے
کاراکاس، 28 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے ایتھن واز اور بی۔ ساویتا شری نے جمعہ کو وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں منعقدہ 2026 فِڈے انڈر20 عالمی شطرنج چمپئن شپ میں بالترتیب اوپن اور گرلز زمرے کے خطاب اپنے نام کر لیے۔ دونوں کھلاڑیوں کی اس کامیابی کے سا
شطرنج کی دنیا میں ہندوستان کا کمال، ایتھن واز اور بی۔ ساویتا شری عالمی جونیئر چمپئن بنے


کاراکاس، 28 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے ایتھن واز اور بی۔ ساویتا شری نے جمعہ کو وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں منعقدہ 2026 فِڈے انڈر20 عالمی شطرنج چمپئن شپ میں بالترتیب اوپن اور گرلز زمرے کے خطاب اپنے نام کر لیے۔ دونوں کھلاڑیوں کی اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے 18 سال بعد اس مقابلے کے دونوں زمروں میں ایک ساتھ عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔اوپن زمرے میں ایتھن واز نے 11 راؤنڈ کے مقابلوں کے بعد 9 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آذربائیجان کے کھاگان احمد اور ہندوستان کے گرینڈ ماسٹر پرنیتھ ووپّالا 8.5، 8.5 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر رہے۔

15 سالہ ایتھن نے ٹورنامنٹ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور ابتدائی چھ راؤنڈ میں مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کے بعد انہوں نے کھاگان احمد اور کیوبا کے انٹرنیشنل ماسٹر ڈینیئل ہیڈالگو ڈیاز کے خلاف مقابلے ڈرا کھیلے، جب کہ پیراگوئے کے جوآن سیباسٹین میلیان کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم آخری راؤنڈ میں ایکواڈور کے کرس گارزن کو شکست دے کر انہوں نے خطاب اپنے نام کر لیا۔

گرلز زمرے میں ساویتا شری نے 9.5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ چین کی یننگ چن سے ایک پوائنٹ آگے رہیں، جب کہ تیسرے مقام پر رہنے والی انٹرنیشنل کھلاڑی گیلینا میخیوا سے ان کے دو پوائنٹس زیادہ تھے۔ ساویتا نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے خطاب جیتا۔ آٹھویں سے دسویں راؤنڈ کے درمیان انہوں نے مسلسل تین مقابلے ڈرا کھیلے۔

اس سے قبل ہندوستان نے 2008 میں ترکی کے شہر غازی عینتاب میں منعقدہ عالمی جونیئر شطرنج چمپئن شپ میں اوپن اور گرلز دونوں زمروں کے خطاب جیتے تھے۔ اس وقت ابھیجیت گپتا اور ہریکا دروناولی نے چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب ایتھن واز اور ساویتا شری کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے 18 سال بعد اس کارنامے کو دوبارہ انجام دیا ہے۔اس عمر کے زمرے کی عالمی جونیئر شطرنج چمپئن شپ میں ہندوستان کامیابی کے اعتبار سے دوسرے مقام پر ہے۔ اس فہرست میں صرف روس ہندوستان سے آگے ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande