
نئی دہلی، 28 نومبر(ہ س)۔ نائیجیریا کی ماریاا وفیل کو 2026 کا عالمی ایتھلیٹکس ’ویمن آف دی ایئر‘ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ انہیں ایتھلیٹکس میں صنفی مساوات کو فروغ دینے اور خواتین و لڑکیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ ورلڈ ایتھلیٹکس نے ہفتہ کے روز اس کی اطلاع دی۔
کھیلوں کے انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والی ماریا اوفیل کئی دہائیوں سے کھیلوں کی قیادت میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین اور لڑکیوں کی کھیلوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ خاتون کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں کے منتظمین کی نئی نسل تیار کرنے سے متعلق اقدامات کی حمایت کی ہے۔
ماریاا وفیل 2005 سے 2013 تک نائیجیریا ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جنرل سکریٹری رہی ہیں۔ انہوں نے نائیجیریا کی وفاقی وزارت برائے نوجوانان اور کھیل کی ترقی میں بھی اعلیٰ عہدوں پر کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی کھیل تنظیموں میں کئی اہم انتظامی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
انہوں نے نائیجیریا کی کھیل فیڈریشنوں کے انتظامی بورڈز میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ ان کی کوششوں سے ملک کی قومی کھیل فیڈریشنوں میں خواتین کے لیے اضافی نشستیں منظور کرنے کی تجویز کو بھی حمایت حاصل ہوئی۔
افریقی سطح پر بھی ماریا اوفیل نے 2024 میں افریقی ایتھلیٹکس کنفیڈریشن کی صنفی قیادت سے متعلق ورکنگ گروپ کے قیام کی پہل کی۔ انہوں نے پورے افریقہ میں صنفی قیادت سے متعلق سیمیناروں کے انعقاد میں بھی تعاون کیا۔ خواتین کوچز اور کھیل منتظمین کی رہنمائی کے علاوہ انہوں نے ’ویمن ان اسپورٹ لیڈرشپ اکیڈمی‘ (وش) پروگرام میں بھی اپنا تعاون دیا ہے۔
نچلی سطح پر ان کی کوششوں میں ابوجا فیڈرل کیپیٹل ٹیریٹری میں لڑکیوں کے لیے اسپرنٹ اور ریلے مقابلوں کا آغاز بھی شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد جونیئر اور سینئر سیکنڈری اسکولوں کی طالبات کو ایتھلیٹکس میں حصہ لینے کے لیے راغب کرنا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ماریا اوفیل نے کہا، ’’یہ سال میرے لیے واقعی عاجزی کا احساس دلانے والا رہا ہے اور اپنی کوششوں کے اعتراف میں اعزاز حاصل کرنے پر مجھے بہت فخر ہے۔ میں ورلڈ ایتھلیٹکس کی قیادت کی خصوصی طور پر شکر گزار ہوں، جس نے کھیلوں کی دیانت داری اور ان کی ترقی کے لیے مسلسل لگن کو اہمیت دی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ وہ افریقی ایتھلیٹکس کنفیڈریشن، نائیجیریا اولمپک کمیٹی، نیشنل اسپورٹس کمیشن، نائجیریا ایتھلیٹکس فیڈریشن اور نائجیریا کی سابق خاتون کھلاڑیوں کی انجمن کی بھی تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جنہوں نے انہیں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا۔
ماریاا وفیل نے کہا کہ اس ایوارڈ سے انہیں ایتھلیٹکس میں اپنی تمام ذمہ داریاں پوری صلاحیت کے ساتھ نبھاتے رہنے کے لیے نئی توانائی ملی ہے۔ ان کی خصوصی توجہ صنفی قیادت، نوجوان کھلاڑیوں کے تحفظ اور کھیلوں میں رہنمائی فراہم کرنے پر رہے گی۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیبسٹین کو نے کہا، ’’ماریا نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ ایتھلیٹکس میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے کےلئے وقف کیا ہے۔ کھیلوں کی قیادت میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے ان کا عزم اور دوسروں کی رہنمائی و مدد کے لیے ان کی کوششوں نے ہمارے کھیل میں دیرپا کردار ادا کیا ہے۔ وہ اس ایوارڈ کی پوری طرح مستحق ہیں۔‘‘
ماریاا وفیل 2010 سے 2018 تک ورلڈ ایتھلیٹکس کی ویمن کمیٹی کی رکن بھی رہی ہیں۔ وہ کھیلوں کے انتظامی شعبے میں خواتین کے لیے مواقع بڑھانے کی کوششوں میں اب بھی سرگرم ہیں۔
واضح رہے کہ ’ویمن آف دی ایئر‘ ایوارڈ ایتھلیٹکس میں صنفی مساوات کے فروغ، قیادت، وکالت اور خواتین و لڑکیوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔یہ ایوارڈ ورلڈ ایتھلیٹکس ایوارڈز 2026 کے تحت پیش کیا گیا ہے۔ ’ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر‘، ’رائزنگ اسٹار‘ اور ’مومنٹ آف دی ایئر‘ ایوارڈز کا اعلان اتوار، 29 نومبر کو کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan