کچے جوٹ کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے حکومت نے اسٹاک کی حد مقرر کی
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے کچے جوٹ کی ذخیرہ اندوزی روکنے اور اس کی سپلائی کو مستحکم رکھنے کے لیے اسٹاک کی نئی حد مقرر کردی ہے۔ یہ حکم جوٹ بیلروں ، ذخیرہ اندوزوں، تاجروں اور جوٹ ملوں پر نافذ ہوگا۔ وزارت ٹیکسٹائل نے ہفتہ کے روز جاری ای
کچے جوٹ کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے حکومت نے اسٹاک کی حد مقرر کی


نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے کچے جوٹ کی ذخیرہ اندوزی روکنے اور اس کی سپلائی کو مستحکم رکھنے کے لیے اسٹاک کی نئی حد مقرر کردی ہے۔ یہ حکم جوٹ بیلروں ، ذخیرہ اندوزوں، تاجروں اور جوٹ ملوں پر نافذ ہوگا۔

وزارت ٹیکسٹائل نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں بتایا کہ جوٹ کمشنر نے 27 نومبر 2026 کو کچے جوٹ کی ذخیرہ اندوزی روکنے اور قیمتوں میں اتار چڑھاو¿ پر قابو پانے کے لیے جوٹ کی گانٹھیں تیار کرنے والی اکائیوں، گودام مالکان، تاجروں اور جوٹ ملوں کے لیے اسٹاک کی حد مقرر کردی ہے۔

اس حکم کے تحت مقررہ حد سے زیادہ ذخیرہ رکھنے والوں کو اضافی اسٹاک فروخت کرکے 10 دسمبر تک خریداروں کے حوالے کرنا ہوگا۔ یہ حکم جوٹ اور جوٹ ٹیکسٹائل کنٹرول آرڈر 2016 کے تحت 27 نومبر کو جاری کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ کچے جوٹ کی قیمتوں میں عدم استحکام اور قیاس آرائیوں کے باعث قیمتوں میں اضافے کے خدشات کے درمیان کیا گیا ہے۔

جوٹ کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، وہ اسٹاکسٹ یا بیلر جو نوٹیفکیشن کی تاریخ تک رجسٹرڈ نہیں ہیں اور جنہوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواست بھی نہیں دی ہے، اسی طرح رجسٹرڈ اسٹاکسٹ یا بیلر جو جوٹ اسمارٹ پورٹل پر اپنے اسٹاک کی تفصیلات جمع نہیں کرارہے ہیں، وہ زیادہ سے زیادہ 5 کوئنٹل کچا جوٹ ذخیرہ کرسکیں گے۔

جبکہ کچے جوٹ سے جوٹ کی مصنوعات تیار کرنے والی ملوں اور صنعتی اکائیوں کو اپنی موجودہ پیداواری صلاحیت کے مطابق زیادہ سے زیادہ 90 دن کی ضرورت کے برابر اسٹاک رکھنے کی اجازت ہوگی۔

مقررہ حد سے زیادہ اسٹاک رکھنے والے اداروں کو اضافی مقدار فروخت کرکے 10 دسمبر 2026 تک یا اس سے پہلے خریداروں کے حوالے کرنا ہوگا۔ اس حکم کے فوری نفاذ کے بعد جب تک اسٹاک مقررہ حد کے اندر نہیں آجاتا، اس وقت تک نئے اسٹاک کی تمام خریداری روکنا ہوگی۔

حکم کے دائرے میں آنے والے تمام افراد کو ہر پندرہ دن بعد جوٹ اسمارٹ پورٹل (https://smart.jutecomm.gov.in) پر اپنے اسٹاک کی تفصیلات جمع کرانی اور انہیں اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہوگا۔

وزارت ٹیکسٹائل نے کہا کہ یہ حکم جوٹ اور جوٹ ٹیکسٹائل کنٹرول آرڈر 2016 کی شق 5 اور شق 6 (1) (iii) کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ متعلقہ فریقوں کو کچے جوٹ کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کے لیے اسٹاک کی حد مقرر کرنا ضروری ہوگیا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande