ڈی جی جی آئی نے 88 کروڑ روپے کے جی ایس ٹی ریفنڈ گھوٹالے کا پردہ فاش کیا
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی خفیہ ایجنسی نے تمباکو کے شعبے میں 88 کروڑ روپے سے زائد کے جی ایس ٹی ریفنڈ گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے اور 150 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی سگریٹوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ وزارتِ خز
ڈی جی جی آئی نے 88 کروڑ روپے کے جی ایس ٹی ریفنڈ گھوٹالے کا پردہ فاش کردیا


نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی خفیہ ایجنسی نے تمباکو کے شعبے میں 88 کروڑ روپے سے زائد کے جی ایس ٹی ریفنڈ گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے اور 150 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی سگریٹوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزارتِ خزانہ نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ جی ایس ٹی خفیہ ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی جی آئی) کی پٹنہ زونل یونٹ نے تمباکو کے شعبے میں ٹیکس چوری روکنے کی کوششوں کے تحت تحقیقات کے بعد جعلی جی ایس ٹی ریفنڈ حاصل کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ گروہ فرضی کمپنیوں کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے کام کررہا تھا۔ یہ کمپنیاں برانڈڈ سگریٹ کے ڈیلروں سے بغیر حقیقی سامان خریدے صرف چالان حاصل کرتی تھیں اور اس طرح دھوکہ دہی کے ذریعے اِن پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) حاصل کرتی تھیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس گروہ نے گزشتہ دو برسوں کے دوران مذکورہ طریقہ کار اپنا کر 88 کروڑ روپے سے زیادہ کا ریفنڈ حاصل کیا۔

تحقیقات کے دوران کولکاتا کے فلٹا اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) میں مختلف معروف برانڈز کے نام سے تقریباً 8.76 کروڑ اسٹک (8,410 کارٹن) نقلی اور غیر معیاری سگریٹیں برآمد ہوئیں، جن کی مجموعی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) 150 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ ان سگریٹوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس گروہ میں شامل اداروں اور افراد کی شناخت کرنے نیز ٹیکس چوری اور جعلی ریفنڈ کی مجموعی رقم کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزارت نے بتایا کہ جاری مالی سال 2026-27 میں اب تک ڈی جی جی آئی نے سگریٹ کی تیاری اور سپلائی سے متعلق چھ معاملات درج کیے ہیں اور 160 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 10.07 کروڑ سے زیادہ سگریٹ اسٹک ضبط کی ہیں۔ اس کے علاوہ مشینری، پیکنگ کا سامان اور خام مال بھی ضبط کیا گیا ہے۔ اب تک دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کیے گئے جی ایس ٹی ریفنڈ کی مجموعی رقم 110 کروڑ روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande