
نئی دہلی، 27 نومبر(ہ س)۔ فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کا 100 واں ایڈیشن 29 نومبر کو ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس خصوصی پروگرام کی قیادت مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا پونے کے پمپری چنچوڑ سے کریں گے۔ اس مہم میں تقریباً 50 ہزار سائیکل سوار حصہ لیں گے۔اس بار پروگرام کا موضوع ’انڈیا ریڈی فار اولمپکس‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے ذریعے ملک میں اولمپک تحریک کو فروغ دینے اور کھیلوں کے کلچر کو مضبوط بنانے کا پیغام دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ہندوستان کو صحت مند اور فٹ ملک بنانے کی اپیل کے بعد دسمبر 2024 میں اس مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اب یہ مہم ملک گیر عوامی تحریک بن چکی ہے۔ ابتدا میں نئی دہلی کے صرف 250 مقامات پر اس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں 500 افراد نے حصہ لیا تھا۔ لیکن گزشتہ دو برسوں میں اس مہم سے ملک بھر کے ہزاروں لوگ جڑ چکے ہیں۔ یوم آئین کے موضوع پر منعقدہ اس کے 99 ویں ایڈیشن میں ملک بھر کے 26 ہزار سے زیادہ مقامات پر لاکھوں شہریوں نے حصہ لیا تھا۔
اس مہم کا 100 واں ایڈیشن اولمپک تحریک کے نام وقف کیا گیا ہے۔ ’مائی بھارت‘ کے تعاون سے ملک کے ہر ضلع میں نوجوان اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے 100 اہم اور تاریخی مقامات پر بھی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جہاں 100 ہندوستانی اولمپین سائیکل چلا کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس کا مقصد ہندوستان کو زیادہ صحت مند اور فٹ ملک بنانے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
اس بار کے پروگرام میں اولمپک تحریک کی بنیادی اقدار کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ اس میں اچھی حکمرانی اور ایمانداری، کھیلوں میں منصفانہ مقابلہ، سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے، کھلاڑیوں کی صحت اور فلاح و بہبود، ماحولیات کا تحفظ اور محفوظ کھیلوں کے فروغ جیسے موضوعات پر زور دیا جائے گا۔یہ پہل کھیلوں کے مستقبل کو اخلاقیات، کھلاڑیوں کی آواز اور سب کے لیے یکساں مواقع کی بنیاد پر تیار کرنے کے ہندوستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ اس مہم میں خواتین اور پیرا کھلاڑیوں سمیت تمام طبقوں کی شرکت کو فروغ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی نوجوانوں کو کھیل اور فٹنس کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کے لیے بھی ترغیب دی جائے گی۔یہ مہم وزیر اعظم کے پیغام ’فٹنس کی خوراک، روزانہ آدھا گھنٹہ‘ سے متاثر ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے وقف کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
وقت کے ساتھ یہ مہم وزیر اعظم نریندر مودی کے اہم قومی پیغامات اور سماجی مقاصد کو عوامی شرکت کے ذریعے عملی شکل دینے کا ایک بڑا پلیٹ فارم بھی بن گئی ہے۔ موٹاپے کے خلاف مہم، منشیات سے پاک ہندوستان اور آلودگی کے مسئلے کے حل جیسے موضوعات پر خصوصی پروگرام منعقد کرکے سنڈے آن سائیکل شہریوں کی عادتوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کر رہا ہے۔اس مہم کا مقصد فٹ انڈیا اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اپنا تعاون دینا بھی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan