بال ٹیمپرنگ تنازعہ کی جانچ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے چھ ہفتے کی مدت مقرر کردی
ملبورن، 27 نومبر(ہ س)۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے 2018 کے دورہ ¿جنوبی افریقہ کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ تنازع کا جائزہ لینے کے لیے قائم کیے گئے آزادانہ فورم کی شرائط جاری کردی ہیں۔ اس فورم کے ذریعے اس دورے کا حصہ رہنے والے کھلاڑیوں اور معا
بال ٹیمپرنگ تنازعہ کی جانچ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے چھ ہفتے کی مدت مقرر کردی


ملبورن، 27 نومبر(ہ س)۔

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے 2018 کے دورہ ¿جنوبی افریقہ کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ تنازع کا جائزہ لینے کے لیے قائم کیے گئے آزادانہ فورم کی شرائط جاری کردی ہیں۔ اس فورم کے ذریعے اس دورے کا حصہ رہنے والے کھلاڑیوں اور معاون عملے کو اپنے تجربات اور مشاہدات بیان کرنے کا موقع ملے گا۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ کو کسی بھی شریک فرد کی ذاتی گواہی فراہم نہیں کی جائے گی۔ بورڈ کو صرف سامنے آنے والے اہم معاملات اور سفارشات پر مشتمل رپورٹ سونپی جائے گی۔

طے شدہ شرائط کے مطابق اس پورے عمل کی قیادت آزاد سینئر وکیل فیونا میکلیوڈ اے او ایس سی کریں گی اور جائزے کے لیے چھ ہفتے کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اس دوران متعلقہ افراد نجی طور پر اپنے تجربات بیان کرسکیں گے۔ بورڈ کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں اہم مسائل اور سفارشات کا ذکر ہوگا، لیکن کسی کی ذاتی گواہی یا اس سے متعلق معاون دستاویزات شامل نہیں ہوں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا رپورٹ موصول ہونے کے 30 دن کے اندر اپنی رائے کے ساتھ اسے مکمل طور پر عوام کے سامنے پیش کرے گا۔

اس آزادانہ فورم کے قیام کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عثمان خواجہ کی خودنوشت ’صبر‘ منظر عام پر آنے کے بعد 2018 کا بال ٹیمپرنگ معاملہ ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق معلومات ان تین کھلاڑیوں سے کہیں زیادہ افراد کو تھیں، جنہیں کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے میں سزا دی تھی۔ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ نے ان کے بیان کے بعض حصوں کی حمایت کی ہے، جبکہ پیٹ کمنز اور دیگر گیند بازوں کا کہنا رہا ہے کہ انہیں اس منصوبے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

آزادانہ فورم 2017-18 کے سیزن کے دوران آسٹریلیائی ٹیم میں گیند کی دیکھ بھال سے متعلق طریقہ کار، دورہ جنوبی افریقہ کے چاروں ٹیسٹ میچوں اور 24 مارچ 2018 کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے دوران کیمرون بین کرافٹ سے وابستہ واقعے کا جائزہ لے گا۔اس کے علاوہ اس معاملے پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کی گئی تحقیقات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم فورم نہ تو سابقہ تحقیقات دوبارہ کھولے گا اور نہ ہی یہ طے کرے گا کہ اس واقعے کا ذمہ دار کون تھا۔کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ جنوبی افریقہ کا حصہ رہنے والے تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ساتھ ساتھ اس وقت کے کرکٹ آسٹریلیا کے انتظامی عہدیداروں اور ڈائریکٹروں کو بھی اس عمل میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ متعلقہ افراد فیونا میکلیوڈ سے بالمشافہ یا آن لائن گفتگو کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ تحریری بیانات اور دستاویزات بھی فراہم کرسکتے ہیں۔فورم میں شرکت رضاکارانہ ہوگی اور شرکائ کو اپنے ساتھ کسی معاون شخص یا وکیل کو رکھنے کی اجازت بھی ہوگی۔

جائزے کی شرائط کے مطابق اگر فورم کسی دوسرے شریک فرد سے وضاحت طلب کرتا ہے تو اسے یہ نہیں بتایا جائے گا کہ متعلقہ معلومات کس شخص نے فراہم کی ہیں، جب تک کہ معلومات فراہم کرنے والا خود اس کی اجازت نہ دے۔شرکائ کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ ان کی فراہم کردہ معلومات تک کن افراد کو رسائی حاصل ہوگی۔ انہیں اپنے بیانات کی درستگی جانچنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔اس کے علاوہ فورم کو آسٹریلیائی کرکٹ کے ایتھکس سینٹر کی جانب سے 2018 میں کرکٹ کے کلچر اور انتظامی نظام سے متعلق تیار کردہ جائزہ رپورٹ اور دیگر متعلقہ دستاویزات تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ وہ فیونا میکلیوڈ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس آزادانہ فورم کی قیادت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فورم کا خاکہ اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور عملے کو اپنی بات رکھنے کا موقع مل سکے۔ یہ ان کے لیے ایک محفوظ ماحول میں اپنا موقف پیش کرنے اور کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ کو اس دورے کے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کا موقع ہے۔

ڈیوڈ بون نے کہا کہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ آٹھ سال پرانے اس واقعے پر دوبارہ توجہ مرکوز ہونے سے اس میں شامل افراد پر گہرا اثر پڑا ہے۔ ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ فورم متعلقہ افراد کو اپنی بات کہنے اور سنے جانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے لیے بھی یہ سننے اور سیکھنے کا ایک اہم موقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ کو مکمل طور پر عوامی سطح پر جاری کرنا شفافیت کے تئیں کرکٹ آسٹریلیا کے عزم کا حصہ ہے۔ ہم کرکٹ شائقین کے ساتھ یہ معلومات بھی شیئر کرنا چاہتے ہیں کہ اس عمل سے ہمیں کیا سیکھنے کو ملا۔ڈیوڈ بون نے واضح کیا کہ اس فورم کا مقصد کسی کو سزا دینا یا کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کرنا نہیں ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande