
ہندوستانی برآمد کنندگان کے مقابلے میں شراکت دار ممالک ایف ٹی اے سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں: آر بی آئی گورنر
نئی دہلی/ممبئی، 27 نومبر (ہ س)۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) پر دستخط کرنے والے ممالک ان معاہدوں سے ہندوستانی برآمد کنندگان کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر طریقے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی کمپنیوں سے ان معاہدوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔ سنجے ملہوترا نے ممبئی میں ایس ایم ای چیمبر آف انڈیا کے 33ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایس ایم ای مالیات اور سرمایہ کاری سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
اجلاس میں آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایم ایس ایم ای شعبے کی مالی اعانت، توسیع اور اختراع پر زور دیا۔ ملہوترا نے کہا کہ ملک کے برآمد کنندگان ایف ٹی اے کا ’بہت کم‘ استعمال کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت کم محصولات کا فائدہ اٹھانے کے اہل ہندوستانی برآمد کنندگان میں سے صرف 30-20 فیصد ہی اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای ایک لچک دار اور شمولیتی معیشت کے لیے محرک ہیں۔
ملہوترا نے کہا کہ ملک کے برآمد کنندگان ایف ٹی اے کا ’بہت کم‘ استعمال کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت کم محصولات کا فائدہ اٹھانے کے اہل ہندوستانی برآمد کنندگان میں سے صرف 30-20 فیصد ہی اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کو برآمد کرنے والے شراکت دار ممالک کے 70-60 فیصد برآمد کنندگان ان معاہدوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ ہندوستان میں ان کا استعمال انتہائی کم ہے۔ اس طرح ہم ایک بڑے موقع سے فائدہ اٹھانے سے محروم ہو رہے ہیں۔‘‘
آر بی آئی گورنر نے کہا کہ کاروباریوں سے ملاقات کرنا اہم ہے اور ان کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریزرو بینک ایم ایس ایم ای شعبے کے لیے قرض کی دستیابی بڑھانے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس شعبے کو کسی بھی معیشت کی ’شہ رگ‘ قرار دیا۔ انہوں نے بینکوں سے کہا کہ ایم ایس ایم ای شعبے کو قرض دینا محض ضابطہ جاتی پابندیوں کی تکمیل کا معاملہ نہ سمجھیں۔ بینکوں کو ان کاروباری اداروں کو اپنی ترقی میں ممکنہ شراکت دار کے طور پر دیکھنا چاہیے اور اس شعبے کی حوصلہ افزائی کی سماجی اہمیت کو بھی سمجھنا چاہیے۔
ملہوترا نے کہا، ’’ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ایم ایس ایم ای شعبے کا حصہ 31 فیصد ہے۔ مینوفیکچرنگ پیداوار میں اس کا تعاون 35 فیصد اور اشیا کی مجموعی برآمدات میں تقریباً نصف ہے۔ زراعت کے بعد یہ روزگار فراہم کرنے والا دوسرا سب سے بڑا شعبہ ہے اور 45 کروڑ لوگوں کو روزگار دیتا ہے۔‘‘ سنجے ملہوترا نے ایم ایس ایم ای قرضوں کو غیر فعال اثاثہ (این پی اے) قرار دینے کی مدت 90 دن سے بڑھا کر 180 دن کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ انہوں نے چھوٹے کاروباریوں سے کہا کہ وہ قرض دہندگان کے ساتھ بہتر شرائط پر بات چیت کریں اور اپنی نقدی کی دستیابی کے مطابق قرض کی ادائیگی کے لیے مزید مہلت حاصل کرنے کا انتظام کریں، تاکہ ان کا قرض این پی اے بننے سے بچ سکے۔
ایس ایم ای مالیات اور سرمایہ کاری سربراہی اجلاس سے اس خطاب میں سنجے ملہوترا نے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں ایم ایس ایم ای کے کردار، مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات اور اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ کاروباری ادارے اور قرض دہندگان مل کر کس طرح پیداواری صلاحیت، اختراع اور کاروبار کی توسیع کو فروغ دے سکتے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستان نے گزشتہ 5 برسوں میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، آسٹریلیا، برطانیہ اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ ان میں سے بعض معاہدوں پر ابھی عمل درآمد ہونا باقی ہے، جبکہ دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن