ہاکی انڈیا لیگ کا نیا سیزن جنوری کے پہلے ہفتے سے شروع ہوگا، کھلاڑیوں کی نیلامی 7 دسمبر کو
۔مردوں کی ٹیموں کے لیے چار کروڑ اور خواتین کی ٹیموں کے لیے دو کروڑ روپے کی تنخواہ کی حد مقرر نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے جمعرات کو ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کے 27-2026 سیزن کی اہم تاریخوں اور پروگرام کا اعلان کر دیا۔ یہ مقابلہ جنوری 2027 کے
Sports-Hockey-HIL-2026-27-Begin-in-January


۔مردوں کی ٹیموں کے لیے چار کروڑ اور خواتین کی ٹیموں کے لیے دو کروڑ روپے کی تنخواہ کی حد مقرر

نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے جمعرات کو ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کے 27-2026 سیزن کی اہم تاریخوں اور پروگرام کا اعلان کر دیا۔ یہ مقابلہ جنوری 2027 کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔ مردوں اور خواتین، دونوں زمروں کے کھلاڑیوں کی نیلامی 7 دسمبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ نئے سیزن کے لیے ٹیموں کی تشکیل کے سلسلے میں یہ اگلا بڑا قدم ہوگا۔

آئندہ سیزن میں مردوں کے زمرے میں چھ اور خواتین کے زمرے میں چار فرنچائزی حصہ لیں گی۔ لیگ کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی ہاکی کی صلاحیتوں کو ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی روایت برقرار رہے گی۔ تیاریاں تیز ہونے کے ساتھ ہی فرنچائزی کھلاڑیوں کے تبادلے اور انہیں اپنی ٹیموں میں برقرار رکھنے کا عمل مکمل کریں گی۔ اس کے بعد ان کی توجہ نیلامی پر مرکوز ہوگی۔

اعلان کردہ پروگرام کے مطابق فرنچائزی کو کھلاڑیوں کے مجوزہ تبادلے کی تفصیلات 29 نومبر 2026 تک براہ راست متعلقہ فرنچائز ی کو دینی ہوں گی۔ باضابطہ ٹریڈنگ ونڈو 29 نومبر کو ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کھلے گی اور 2 دسمبر کو صبح 10 بجے بند ہو جائے گی۔

اس کے بعد فرنچائزی کو 2 دسمبر کو دوپہر 12 بجے تک ان کھلاڑیوں کی تفصیلات ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کو فراہم کرنی ہوں گی، جنہیں وہ مستقل طور پر اپنی ٹیم سے ریلیز کرنا چاہتی ہیں۔ اسی وقت انہیں اپنی حتمی ٹیم کی فہرست بھی جمع کرانی ہوگی۔ اسی دن شام 5 بجے ہیرو ہاکی انڈیا لیگ تمام فرنچائزی کو نیلامی کے لیے تیار کھلاڑیوں کی مشترکہ فہرست فراہم کرے گی۔

اس کے بعد فرنچائزی کے پاس 3 دسمبر کو شام 5 بجے تک ان کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانے کا وقت ہوگا، جنہیں وہ گزشتہ سیزن میں اختیار کیے گئے طریقہ کار کے مطابق نیلامی کے لیے رجسٹرڈ فہرست سے خارج کرنا چاہتی ہیں۔ رانچی رائلز کی مردوں کی ٹیم اور ہیرو ہاکی انڈیا لیگ گورننگ کونسل کی ٹیم کے کھلاڑی بھی نیلامی کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے لیگ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ”میں واقعی بہت خوش ہوں کہ ہیرو ہاکی انڈیا لیگ ایک اور سیزن کے لیے واپس آ رہی ہے۔ یہ لیگ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے دنیا کے چند بہترین بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم رہی ہے۔ خاص طور پر خواتین کا مقابلہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوان لڑکیوں کو اس کھیل سے وابستہ ہونے کی ترغیب دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔“

ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے بھی لیگ کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ہندوستانی ہاکی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے میں لیگ کے کردار کو اہم قرار دیا۔

ہرمن پریت نے کہا، ”یہ بہت اچھی خبر ہے کہ ہیرو ہاکی انڈیا لیگ جنوری میں واپس آ رہی ہے۔ ہر سیزن کے ساتھ مقابلے کا معیار بلند ہوتا ہے اور ہندوستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ میدان میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ تجربہ انتہائی قیمتی ہے، کیونکہ ہم بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کر رہے ہیں۔“

انگلینڈ کے اسٹار کھلاڑی سیم وارڈ نے بھی لیگ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ”یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ ہیرو ہاکی انڈیا لیگ اس سال منعقد ہو رہی ہے۔ اس مقابلے کا حصہ بننا ایک شاندار تجربہ ہے اور میں جنوری میں اس کے تیسرے سیزن کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔ ہاکی کے لیے یہ ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے، جو دنیا کے تمام بہترین کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے۔“

مردوں کے زمرے میں 27-2026 سیزن کے لیےہر فرنچائزی کی تنخواہ کی حد چار کروڑ روپے اور خواتین کے زمرے میں دو کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ نیلامی میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی بنیادی قیمتیں دو لاکھ، پانچ لاکھ اور 10 لاکھ روپے طے کی گئی ہیں۔ اس سے فرنچائزی کو مقررہ مالی حد کے اندر اپنی ٹیم تیار کرنے کے لیے مختلف زمروں میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع ملے گا۔

ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولاناتھ سنگھ نے کہا، ”ہیرو ہاکی انڈیا لیگ نے ملک میں پیشہ ورانہ ہاکی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے ممتاز ہندوستانی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا کام کیا ہے۔ ہمیں 27-2026 سیزن کی اہم تاریخوں اور آخری مدتوں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس سے فرنچائزی اور کھلاڑیوں کو اپنی تیاریوں کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم ایک اور دلچسپ سیزن کی امید کر رہے ہیں، جو ابھرتی ہوئی ہندوستانی صلاحیتوں کو قیمتی مواقع فراہم کرے گا، ہمارے کھلاڑیوں کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور ملک میں اس کھیل کی ترقی کو مزید تقویت دے گا۔“

کھلاڑیوں کی نیلامی 7 دسمبر کو اور لیگ کا آغاز جنوری 2027 کے پہلے ہفتے میں ہونے کے ساتھ ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کے نئے سیزن کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande