کرائسٹ چرچ ٹیسٹ سے قبل ہندوستان کے بالنگ کوچ کا گیند بازوں کو جلد بازی سے بچنے کا مشورہ
کرائسٹ چرچ، 26 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے بولنگ کوچ مورنے مورکل نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل اپنی ٹیم کے گیند بازوں کو گیندبازی میں کسی بھی طرح کی بے چینی یا جلد بازی سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ
Sports-Cricket-MorkelIndia-Christchurch-Test


کرائسٹ چرچ، 26 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے بولنگ کوچ مورنے مورکل نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل اپنی ٹیم کے گیند بازوں کو گیندبازی میں کسی بھی طرح کی بے چینی یا جلد بازی سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی ہندوستان کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے یہ مقابلہ جیتنا ضروری ہے۔ تاہم مورکل نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ بیرونی دباو کو نظرانداز کریں اور سیشن بہ سیشن اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔

مورکل نے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا، ”سب سے پہلے ایک ٹیم کے طور پر ہمیں ’بے چینی‘ کے لفظ کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مجھے یہ لفظ پسند نہیں ہے، کیونکہ اس سے کھلاڑی میدان میں ضرورت سے زیادہ کوشش کرنے لگتے ہیں اور اپنی گیندبازی کی درست سمت سے بھٹک جاتے ہیں۔ اس لیے میرے لیے یہ ضروری ہے کہ اگلے ہفتے ہم بیرونی شور اور دباؤ کو پوری طرح نظرانداز کریں۔ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ تمام کھلاڑی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیلنا چاہتے ہیں اور وہاں پہنچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم ایمانداری سے جائزہ لیں تو یہ ایک مشکل چیلنج ہونے والا ہے۔ اس لیے ہر خراب سیشن کے بعد ہمیں اس الجھن میں نہیں پڑنا چاہیے کہ اب ہمیں کیا کچھ کرنا ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”ہمیں صرف اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے، مسائل کا حل تلاش کرنے اور اسی سمت میں آگے بڑھنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ہم اس بات پر کافی گفتگو کریں گے کہ میچ کو سیشن بہ سیشن کس طرح تقسیم کرکے کھیلنا ہے اور اپنی بہترین کارکردگی کس طرح پیش کرنی ہے۔“

مورکل نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ہیگلے اوول کی پچ انہیں کافی ہری دکھائی دے رہی ہے، لیکن گزشتہ ہفتے بیسن ریزرو کی اسی طرح نظر آنے والی پچ سے ملنے والے تجربے کے بعد وہ فی الحال اس کی نوعیت کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا، ”اب تک میں نے جو دیکھا ہے، اس کے مطابق پچ ایک بار پھر کافی ہری نظر آ رہی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس پر گھاس کی تہہ کچھ زیادہ لمبی ہے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ یہ کس طرح کھیلتی ہے۔ جیسا کہ میں نے کہا، گزشتہ میچ میں سبھی کو امید تھی کہ پچ تیز رفتار اور اچھال والی ہوگی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اس پر ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے۔ ہمیں بس کل پہلے سیشن میں بلے بازی اور بولنگ کے دوران سامنے آنے والے حالات کے مطابق اپنی بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔“

ویلنگٹن کی انتہائی ہموار پچ پر ہندوستان کے چار تیز گیند بازوں پر مشتمل بولنگ اٹیک کوئی خاص اثر نہیں چھوڑ سکا تھا۔ ایسے میں کرائسٹ چرچ میں گرنور برار کو موقع ملنے کا امکان ہے۔ وہ اپنی رفتار اور اچھال کے ذریعے بولنگ اٹیک کو مزید مؤثر بنا سکتے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے حالات میں گیند جلد نرم پڑ جانے کے مسئلے سے نمٹنے میں بھی ان کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔

گرنور کے بارے میں مورکل نے کہا، ”ہندوستانی ٹیم سے جڑنے کے بعد سے ہی اسے لے کر کافی جوش و خروش ہے۔ اس کی وجہ اس کی رفتار اور اچھال ہے۔ میرا خیال ہے کہ وہ یہاں کے حالات کے لیے کافی موزوں گیند باز ثابت ہوگا۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”گرنور مسلسل ٹیم میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ رہا ہے۔ وہ تمام درست چیزیں کر رہا ہے۔ لیکن ایک کھلاڑی کی حیثیت سے انتخاب ایسی چیز ہے جسے وہ اپنے قابو میں نہیں رکھ سکتا۔ اسے بس یہ یقینی بنانا ہے کہ موقع ملنے پر وہ پوری طرح تیار ہو۔ کئی مرتبہ جب آپ موقع کے قریب ہوتے ہیں تو بطور گیند باز آپ کی توجہ بھٹک سکتی ہے۔ جب اسے موقع ملے گا اور یہ بھی طے نہیں ہے کہ کب ملے گا، تو میرا کام یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ سو فیصد تیار رہے۔“

مورکل نے انشل کمبوج کی کارکردگی کے معاملے میں بھی صبر سے کام لینے کی اپیل کی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا ابتدائی سفر دو انتہائی ہموار پچوں پر مشکل رہا ہے۔ گزشتہ سال انگلینڈ کے دورے کے دوران زخمی کھلاڑیوں کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے کمبوج نے اولڈ ٹریفورڈ میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے 18 اوور میں 89 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ اس دوران ان کی رفتار کم دکھائی دی تھی اور انہیں گیند پر کنٹرول حاصل کرنے میں بھی دشواری پیش آئی تھی۔

مورکل نے کمبوج کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ”ایسا صرف اس کے ساتھ نہیں ہوا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی دیکھیے، اس پچ پر گیند بازوں کی رفتار کم تھی۔ آپ کسی کھلاڑی کو اس کے ڈیبیو ٹیسٹ کی بنیاد پر بھی نہیں پرکھ سکتے۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلتے وقت ایک کھلاڑی کئی طرح کے جذبات اور حالات سے گزرتا ہے۔ اس لیے ہمیں اس کھلاڑی کی حمایت کرنی چاہیے جو ٹیم کے لیے مشکل کام کر رہا ہے اور طویل اسپیل میں بولنگ کر رہا ہے۔ اسے مناسب موقع دیجیے، پہلے اسے کچھ میچ کھیلنے دیجیے اور اس کے بعد ہم اس پر بات کر سکتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ فی الحال کسی کھلاڑی کے بارے میں رائے قائم کرنا بہت جلد بازی ہوگی۔“

ویلنگٹن ٹیسٹ کے آخری دن ہندوستانی گیند باز نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو آؤٹ نہیں کر سکے تھے۔ مورکل نے اس کی بڑی وجہ پچ کی رفتار کا جلد کم ہو جانا بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں ہندوستان کو کوکابورا کی نئی گیند کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا اور بولنگ کی لائن اور لینتھ کے معاملے میں زیادہ جرأت مندانہ انداز اپنانا ہوگا۔ اس کے لیے ابتدا میں کچھ رن خرچ ہونے کا خطرہ بھی مول لینا پڑ سکتا ہے۔

مورکل نے کہا، ”اعداد و شمار اور حقائق، بالکل واضح حقائق یہ بتاتے ہیں کہ ویلنگٹن کی پچ نے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی مرحلے میں ہی بہت تیزی سے اپنی رفتار کھو دی تھی۔ اس کے بعد ہمیں اپنی حکمت عملی میں جلد تبدیلی کرنی پڑی۔ اس کے باوجود میرے خیال میں ہم نے کچھ مواقع ضرور پیدا کیے تھے۔ مثال کے طور پر اگر آکاش دیپ رن آؤٹ کرنے یا شارٹ لیگ پر کیچ لینے میں کامیاب ہو جاتے تو کچھ امکانات پیدا ہو سکتے تھے۔ اس لیے جب حالات مشکل ہو جاتے ہیں اور پچ سست پڑنے لگتی ہے تو ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمیں ان 50-50 مواقع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس سے گیند بازوں کا کام کافی مشکل ہو جاتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب گیند نرم پڑ جائے اور پچ کی رفتار بھی کم ہو جائے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”کوکابورا گیند کے ساتھ 16 سال تک کھیلنے کے اپنے تجربے کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ آپ کو نئی گیند کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوتا ہے۔ گیند کو درست جگہ پر ڈالنا ضروری ہے۔ کئی مرتبہ بولنگ کی سمت اور لینتھ کے معاملے میں کچھ زیادہ جرأت دکھانی پڑتی ہے، چاہے ابتدا میں کچھ رن خرچ ہو جائیں۔ کیونکہ جب گیند نرم پڑ جاتی ہے تو آپ اندرونی دائرے میں فیلڈروں کو لگا سکتے ہیں اور رن بنانے کی رفتار کو دوبارہ قابو میں کر سکتے ہیں۔“

موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دور میں ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیز گیند باز محمد سراج کو ویلنگٹن ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا تھا۔ ٹاس کے وقت کپتان شبھمن گل نے اس فیصلے کو ’کافی مشکل‘ قرار دیا تھا۔ مورکل نے سراج پر اعتماد کا اظہار کیا، لیکن ٹیم میں واپسی کے لیے خود کوشش کرنے کی ذمہ داری بھی انہیں سونپی۔

سراج کے بارے میں مورکل نے کہا، ”میرے خیال میں وہ اچھی بولنگ کر رہا ہے۔ جس دور سے وہ گزر رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے میرے لیے وہ عالمی معیار کا گیند باز ہے۔ کئی مرتبہ فیصلے لینا اور ٹیم کا انتخاب کرنا مشکل ہوتا ہے اور یہ آسان نہیں ہے۔ اس سے میری گفتگو کے دوران میں نے اسے کہا کہ ہمیں چیزوں کو تھوڑا پیچھے جاکر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ہم کہاں کھڑے ہیں، ہمیں کن چیزوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور ہم کہاں مزید بہتر ہو سکتے ہیں؟ انتخاب ایسی چیز ہے جسے ہم حقیقت میں اپنے قابو میں نہیں رکھ سکتے۔ یہ سب اپنی ذمہ داری خود لینے اور اس پر عمل کرنے سے متعلق ہے۔“

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande