آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستانی بلے بازوں کا جلوہ، پنت چھٹے، گل ساتویں اور جیسوال نویں مقام پر
ویلنگٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا ملا انعام، گیند بازی میں بمراہ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر پہنچے دبئی، 25 نومبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کا اثر آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کی رینکنگ
آئی سی سی رینکنگ


ویلنگٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا ملا انعام، گیند بازی میں بمراہ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر پہنچے

دبئی، 25 نومبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کا اثر آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی نظر آیا ہے۔ ویلنگٹن میں کھیلا گیا یہ مقابلہ ڈرا رہا، لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے اپنی بہترین اننگز کی بدولت رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے۔ رشبھ پنت، شبھمن گل اور یشسوی جیسوال اب ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہیں، گیند بازی میں جسپریت بمراہ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

ہندوستانی بلے بازوں میں رشبھ پنت سب سے آگے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 128 رن کی شاندار اننگز کھیلنے والے پنت ایک مقام اوپر چڑھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کپتان شبھمن گل نے 98 رن کی اننگز کی بدولت تین مقامات کی چھلانگ لگائی اور ساتویں مقام پر پہنچ گئے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر یشسوی جیسوال نے 85 رن بنانے کے بعد پانچ مقامات کی ترقی حاصل کی اور نویں نمبر پر آگئے۔ اس طرح اب ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں ہندوستان کے تین بلے باز شامل ہو گئے ہیں۔

ویلنگٹن ٹیسٹ میں ہندوستان کی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 720 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کرنے کے دوران سب سے زیادہ 136 رن بنانے والے کے ایل راہل کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ چار مقامات اوپر چڑھ کر 25ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دیودت پڈیکل نے 80 رن بنائے تھے، جس کے بعد انہیں 15 مقامات کا فائدہ ہوا اور وہ 39ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں میں پلیئر آف دی میچ ہنری نکولس کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے ناٹ آو¿ٹ 175 اور 31 رن کی اننگز کھیلیں، جس کی بدولت وہ 10 مقامات اوپر چڑھ کر 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ گلین فلپس نے 118 اور ناٹ آو¿ٹ 26 رن بنائے تھے۔ انہیں 13 مقامات کا فائدہ ہوا اور وہ اپنے کیریئر کی بہترین 17ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے بعد جاری تازہ رینکنگ میں بنگلہ دیشی بلے بازوں کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ پہلی اننگز میں 137 رن بنانے والے توحید ہردوئے 28 مقامات اوپر چڑھ کر 33ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ لٹن داس نے 120 رن کی اننگز کھیلی تھی، جس کے بعد وہ نو مقامات کی ترقی حاصل کرکے 24ویں مقام پر آگئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز ریان رکلٹن اپنے کیریئر کی بہترین مشترکہ 15ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ مارکس ایکرمین 60ویں مقام پر ہیں۔

گیند بازی میں بمراہ مشترکہ دوسرے مقام پر

ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے ویلنگٹن ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کارکردگی کی بدولت وہ تین مقامات اوپر چڑھ کر ٹیسٹ گیند بازوں کی رینکنگ میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کگیسو ربادا کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو نو وکٹوں سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کارکردگی کے بعد وہ دو مقامات اوپر چڑھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے تیز گیند باز محمد عباس نے بھی دو مقامات کی ترقی حاصل کی ہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ منتخب ہونے والے عباس نے دونوں اننگز میں تین، تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اب وہ 12ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ میں ڈکٹ اور بینٹن کو فائدہ

آئی سی سی کی مردوں کی ون ڈے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر بلے باز بین ڈکٹ کو تین مقامات کا فائدہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں کھیلے گئے فیصلہ کن تیسرے ون ڈے میں 115 گیندوں پر 133 رن کی اہم اننگز کھیلنے والے ڈکٹ اپنے کیریئر کی بہترین چوتھی رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اوپننگ ساتھی ٹام بینٹن بھی اپنے کیریئر کی بہترین 12ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے گیند بازوں کی رینکنگ میں گس اٹکنسن 10 مقامات اوپر چڑھ کر 23ویں، لیام ڈاسن 14 مقامات کی چھلانگ لگا کر 39ویں اور نیپال کے اسپنر سندیپ لامیچھانے سات مقامات اوپر چڑھ کر 34ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی 20 رینکنگ میں سالٹ چھٹے اور راشد دوسرے مقام پر

آئی سی سی کی مردوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے فل سالٹ دو مقامات اوپر چڑھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کیرارا میں 30 گیندوں پر 58 رن کی اننگز کھیلی تھی۔

ٹام بینٹن نے دو اننگز میں 39 اور ناٹ آو¿ٹ 26 رن بنائے، جس کے بعد وہ 26 مقامات اوپر چڑھ کر 34ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے نوجوان کھلاڑی نکھل چودھری نے پہلے میچ میں 66 رن کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کارکردگی کی بدولت وہ ٹی 20 بلے بازوں کی رینکنگ میں 90ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل راشد نے دونوں مقابلوں میں ایک، ایک وکٹ حاصل کی اور وہ تیسرے مقام سے دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande