
کرائسٹ چرچ، 25 نومبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے جیکب ڈفی کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ایک شاندار گیند باز اور ٹیم کو ہمیشہ ذاتی مفاد پر ترجیح دینے والا کھلاڑی قرار دیا ہے۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈفی نے 201 رن دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ تاہم، ہنری نے ان کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیسن ریزرو کی پچ پر گیند مشکل سے ہی سلپ تک پہنچ رہی تھی اور ڈفی کو اپنی گیند بازی کے اعداد و شمار کی پروا کیے بغیر باو¿نسر ڈالنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہنری نے کہا، ”انہوں نے گزشتہ کئی برسوں میں ثابت کیا ہے کہ وہ ایک شاندار گیند باز ہیں اور ان کے لیے ٹیم ہمیشہ پہلے آتی ہے۔ جب ہم ان سے کہتے ہیں کہ یہاں باو¿نسر ڈالنے کی حکمت عملی اپنائی جاسکتی ہے تو انہیں اپنے ذاتی اعداد و شمار کی فکر نہیں ہوتی۔ وہ کھیل پر اثر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس وقت ان کا کردار ایسا تھا، جس میں انہیں کافی ہموار پچ پر زیادہ جارحانہ انداز اختیار کرنا پڑا۔ ٹیم کو ترجیح دیتے ہوئے اس حکمت عملی کو قبول کرنا ان کی بڑی خوبی ہے۔“
ہنری نے مزید کہا، ”ان کی صلاحیتوں پر کوئی سوال نہیں ہے۔ ہمارے لیے کچھ ایسے مواقع تھے، جب ہمیں کسی کھلاڑی سے الگ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت تھی اور وہ اس کے لیے تیار تھے۔ میرے خیال میں یہی ہماری ٹیم کی خاصیت ہے۔ ہم نتیجے کی فکر کرنے کے بجائے اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ کھیل پر کس طرح اثر انداز ہوا جاسکتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کی اسی سوچ کی وجہ سے ٹیم کو کئی میچ جتوانے والی کارکردگیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ اس لیے ہمیں اس معاملے میں بالکل بھی تشویش نہیں ہے۔“
نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے آخری دن بلے بازی کرتے ہوئے میچ ڈرا کرادیا تھا، جس سے ہندوستانی ٹیم کو مایوسی ہوئی تھی۔ ہنری نے کہا کہ اس مقابلے کے ڈرا ہونے کے بعد میزبان ٹیم کے پاس منفی پہلوو¿ں کے مقابلے میں مثبت باتیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا، ”گیند بازی کے دوران ہم نے جس طرح صبر کا مظاہرہ کیا اور درست جگہوں پر گیندیں ڈالیں، اس سے ہمیں کھیل پر کنٹرول کے حوالے سے کچھ اچھے اشارے ملے۔ اس کے بعد تھکے ہوئے پیروں اور ذہن کے ساتھ بلے بازی کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ میرے خیال میں ہمارے کھلاڑیوں نے ابتدائی دباو¿ کا جس طرح سامنا کیا اور شاندار ڈرا حاصل کرنے تک میدان پر ڈٹے رہے، وہ قابل تعریف تھا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”یہ ہماری بلے بازی کی مضبوطی کا ایک اور ثبوت تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں حالات ہمیشہ آپ کے حق میں نہیں ہوتے۔ ایسے میں کچھ وقت تک دباو¿ برداشت کرنے اور پھر ایسے مواقع تلاش کرنے کی صلاحیت ضروری ہوتی ہے، جب آپ دوبارہ مخالف ٹیم پر دباو¿ بنا سکیں۔ گزشتہ میچ میں ہمیں کافی دیر تک دباو¿ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے حالات کو اچھی طرح سنبھالا اور میچ ڈرا کرانے میں کامیاب رہے۔ اس سے ہمارا اعتماد کافی بڑھا ہے۔“
میچ کے آخری مقررہ اوورز مکمل ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جانب سے ہاتھ ملا کر مقابلہ ختم کرنے کے فیصلے کے بارے میں پوچھے جانے پر ہنری نے اسے زیادہ اہمیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے جس طرح بلے بازی کی، وہ کافی حوصلہ مندانہ اور ثابت قدمی سے بھرپور تھی۔ اس کے علاوہ گیند باز بھی اس وقت تک کافی محنت کرچکے تھے اور ان پر کام کا بوجھ زیادہ تھا۔
نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ میں کینٹربری کی نمائندگی کرنے والے ہنری ہیگلے اوول میں واپسی سے خوش ہیں، کیونکہ وہ اس میدان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ تاہم، انہوں نے پچ کے رویے کے بارے میں کوئی پیش گوئی کرنے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا، ”میرے خیال میں ہر میچ مختلف ہوتا ہے اور جس پچ پر آپ کھیلتے ہیں، اس کا مزاج بھی کچھ مختلف ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں میں یہاں کافی رن بھی بنے ہیں۔ اس لیے ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم پچ کے ممکنہ رویے کے بارے میں پہلے سے کوئی اندازہ قائم نہ کریں۔ پچ کو سمجھنا بذات خود ایک باریک فن ہے۔ ہمیں دونوں طرح کے حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ یہاں عام طور پر جیسی پچ ملتی ہے، اس کے مطابق بھی تیاری کرنی ہوگی اور اگر حالات اس سے مختلف ہوں تو اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”نیوزی لینڈ میں روایتی طور پر جب پچ پر گھاس ہوتی ہے تو وقت گزرنے کے ساتھ وہ بلے بازی کے لیے بہتر ہوتی جاتی ہے۔ یہاں بھی ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔ جب پچ پر اچھال ہوتا ہے تو گیند باز کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ کھیل میں بنا ہوا ہے اور یہ اس کے لیے اچھی بات ہے۔ لیکن جب پچ ہموار ہوجاتی ہے تو گیند باز کے لیے مواقع کافی محدود ہوجاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ مستقبل کا حال جاننے کا ہمارے پاس کوئی طریقہ نہیں ہے، اس لیے ہمیں نہیں معلوم کہ پچ کیسی ہوگی۔ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی تیاری پر بھروسہ رکھیں، اسی کے مطابق آگے بڑھیں، حالات کے لحاظ سے خود کو ڈھالیں اور جیت کے مواقع تلاش کریں۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ