
نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ فوڈ اینڈ بیوریج سروسز کے شعبے کی معروف کمپنی فوڈ لنک ایف اینڈ بی ہولڈنگز (انڈیا) لمیٹڈ کا 360.76 کروڑ روپے کا آئی پی او 26 نومبر کو سرمایہ کاروں کے لیے کھولا جائے گا۔ سرمایہ کار اس آئی پی او میں 30 نومبر تک بولی لگا سکیں گے۔
آئی پی او بند ہونے کے بعد یکم دسمبر کو شیئروں کی الاٹمنٹ کی جائے گی، جبکہ 2 دسمبر کو کامیاب سرمایہ کاروں کے ڈی میٹ کھاتوں میں شیئر جمع کر دیے جائیں گے۔ اسی دن جن سرمایہ کاروں کو شیئر الاٹ نہیں ہوں گے، ان کے لیے رقم واپس کرنے کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔ کمپنی کے شیئر 3 دسمبر کو بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے مین بورڈ پلیٹ فارم پر درج ہو سکتے ہیں۔
اس آئی پی او میں بولی لگانے کے لیے فی شیئر قیمت کی حد 181 روپے سے 191 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایک لاٹ میں 78 شیئر ہوں گے۔ خوردہ سرمایہ کاروں کو کم از کم ایک لاٹ یعنی 78 شیئروں کے لیے بولی لگانی ہوگی، جس کے لیے انہیں 14,898 روپے کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
اس آئی پی او کے تحت 2 روپے کی فیس ویلیو والے مجموعی طور پر 1,88,87,738 شیئر جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان میں 192 کروڑ روپے مالیت کے 1,00,52,356 نئے شیئر (فریش ایشو) شامل ہیں، جبکہ 168.76 کروڑ روپے مالیت کے 88,35,382 شیئر آفر فار سیل کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
اس آئی پی او کے تحت نئے شیئر جاری کرکے حاصل ہونے والی رقم میں سے 50.81 کروڑ روپے کمپنی اپنی ذیلی کمپنی ایف جی آر سی ایس میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کرے گی۔ اس رقم سے چار نئے کیژول ڈائننگ ریستوراں قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 41.50 کروڑ روپے دو نئے بینکوئٹ ہال بنانے اور 21.40 کروڑ روپے دو مرکزی کچن قائم کرنے کے لیے سرمایہ جاتی اخراجات پر خرچ کیے جائیں گے۔
کمپنی اور اس کی ذیلی کمپنی کے کچھ بقایا قرضوں کی ادائیگی کے لیے 21 کروڑ روپے استعمال کیے جائیں گے، جبکہ باقی رقم عام کارپوریٹ مقاصد کے لیے خرچ کی جائے گی۔
اس آئی پی او کے مجموعی حجم میں سے کم از کم 75 فیصد حصہ اہل ادارہ جاتی خریداروں (کیو آئی بی) کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خوردہ سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 فیصد اور غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ سے زیادہ 15 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔
اس پورے آئی پی او کے لیے ایکوی رس کیپٹل لمیٹڈ اور جے ایم فنانشیل لمیٹڈ کو بک رننگ لیڈ منیجر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایم یو ایف جی ان ٹائم انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو رجسٹرار کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
فوڈ لنک ایف اینڈ بی ہولڈنگز (انڈیا) لمیٹڈ کی مالی حالت کی بات کریں تو کمپنی کی جانب سے جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (آر ایچ پی) میں دی گئی معلومات کے مطابق اس کے کاروبار میں مسلسل توسیع ہوئی ہے، تاہم خالص منافع میں اتار چڑھاو¿ رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی