
اے پی ایل اپولو میں پروموٹرز کی 26.6 فیصد شیئرز بھی خریدے گی ٹاٹا اسٹیل، 26 فیصد شیئرز کے لیے اوپن آفر لانے کا منصوبہ
مشرقی سنگھ بھوم، 23 نومبر (ہ س)۔ ٹاٹا اسٹیل نے اپنے ڈاؤن اسٹریم کاروبار کی تنظیم نو اور توسیع کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی اپنے اسٹیل ٹیوب اور کلر کوٹیڈ مصنوعات کے کاروبار کو اے پی ایل اپولو ٹیوبس لمیٹڈ کو 28 ہزار کروڑ روپے میں فروخت کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی ٹاٹا اسٹیل، اے پی ایل اپولو کے پروموٹرز کی 26.6 فیصد شیئرز 15,510 کروڑ روپے میں خریدے گی۔ مزید 26 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے کمپنی 16,756 کروڑ روپے کی اوپن آفر بھی لائے گی۔
اس اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے دونوں کمپنیاں ہندوستانی اسٹیل صنعت میں ایک بڑی ڈاؤن اسٹریم کمپنی قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس کے تحت 2035 تک مشترکہ پیداواری صلاحیت بڑھا کر 15.5 ملین ٹن سالانہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ٹاٹا اسٹیل کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق، کمپنی اپنی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی ٹاٹا اسٹیل کلرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے تمام حصص اور اسٹیل ٹیوب کا پورا کاروبار اے پی ایل اپولو کو منتقل کرے گی۔ اس سودے میں سالانہ 8 لاکھ ٹن صلاحیت والا سرفیس کوٹیڈ کوائل کاروبار اور 17 لاکھ ٹن سالانہ صلاحیت والا اسٹیل ٹیوب کاروبار شامل ہے۔ دونوں کاروباروں کی مجموعی قیمت 28 ہزار کروڑ روپے طے کی گئی ہے۔
اے پی ایل اپولو اس حصول کے لیے ابتدائی طور پر قرض اور دیگر مالی وسائل کا استعمال کرے گی۔ بعد میں طویل مدتی سرمایہ حاصل کرکے قرض کی تنظیم نو کی جائے گی۔
معاہدے کے دوسرے اہم حصے کے تحت ٹاٹا اسٹیل، اے پی ایل اپولو کے پروموٹرز کی 26.6 فیصد حصص داری 2,100 روپے فی شیئر کے حساب سے خریدے گی۔ اس پر 15,510 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے بعد مزید 26 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے 2,301.40 روپے فی شیئر کی قیمت سے 16,756 کروڑ روپے کی اوپن آفر پیش کی جائے گی۔ اگر اوپن آفر کو مکمل طور پر قبول کرلیا جاتا ہے تو اے پی ایل اپولو میں ٹاٹا اسٹیل کی مجوزہ حصص داری 52.6 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
تاہم، یہ تمام سودے متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔ کمپنی کو امید ہے کہ مالی سال 2026-27 کے اندر اس پورے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔
اس شراکت داری کے بعد اے پی ایل اپولو کے پاس اسٹیل ٹیوب اور کلر کوٹیڈ مصنوعات کی مشترکہ پیداواری صلاحیت 7.5 ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی۔ اسے 2035 تک بڑھا کر 15.5 ملین ٹن سالانہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس میں 9 ملین ٹن اسٹیل ٹیوب اور 6.5 ملین ٹن کلر کوٹیڈ مصنوعات کی پیداواری صلاحیت شامل ہوگی۔
توسیعی منصوبے کے تحت اے پی ایل اپولو کے پروموٹر گروپ سے وابستہ کمپنی ایس جی ٹیک انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (ایس جی اسپیکٹرا) کے ساتھ بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں کلر کوٹیڈ مصنوعات کی تیاری کے لیے 5 ملین ٹن سالانہ صلاحیت کے کارخانے قائم کیے جائیں گے۔ ان میں سے پہلے مرحلے میں اگلے 24 ماہ کے اندر 10 لاکھ ٹن پیداواری صلاحیت تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
ٹاٹا اسٹیل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی وی نریندرن نے اس معاہدے کو کمپنی کی مستقبل کی حکمت عملی کے لیے اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایل اپولو اور اس کے پروموٹرز کے ساتھ شراکت داری سے ہندوستانی بازار کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری کرنے کے لیے ایک مضبوط ڈاؤن اسٹریم کاروبار تیار ہوگا۔ اس سے دونوں کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت، بازار تک رسائی اور کام کرنے کی کارکردگی سے بہتر طور پر فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔ ساتھ ہی صارفین کو مصنوعات کی وسیع رینج فراہم کرنے اور کاروبار کے منافع میں اضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ٹاٹا اسٹیل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور چیف فنانشل آفیسر کوشک چٹرجی نے کہا کہ کمپنی ویلیو ایڈڈ اسٹیل مصنوعات کے شعبے میں تیزی سے توسیع کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔ اے پی ایل اپولو کے ساتھ یہ معاہدہ نہ صرف ایک منافع بخش کمپنی میں سرمایہ کاری کا موقع ہے بلکہ کلر کوٹیڈ مصنوعات کے کاروبار کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔
ٹاٹا اسٹیل کے مطابق اس معاہدے سے پیداواری صلاحیت کا بہتر استعمال، خام مال اور مشینری کی خریداری میں تال میل، تقسیم کے نیٹ ورک میں توسیع اور پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہوگی۔ اس سے اے پی ایل اپولو کے کاروباری منافع میں اضافے کی بھی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ