
ویلنگٹن، 23 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی ٹیسٹ کپتان شبھمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے تیز گیند باز محمد سراج کو باہر رکھنے کے فیصلے کی وضاحت کی ہے۔ گل نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب موجودہ فارم کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس فیصلے کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سراج ان کے قریبی دوست ہیں اور انہیں ٹیم سے باہر رکھنے سے پہلے انہوں نے ذاتی طور پر ان سے بات کی تھی۔ گل کو یقین ہے کہ سراج مضبوط واپسی کریں گے۔
بیسن ریزرو میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں گل نے کہا کہ انہوں نے میچ سے پہلے سراج سے بات کرکے ٹیم کے فیصلے کے بارے میں انہیں آگاہ کر دیا تھا۔ سراج نے بھی اس فیصلے کو سمجھا۔
گل نے کہا، ”سراج میرے بہت اچھے دوست ہیں اور انہیں ٹیم سے باہر رکھنا واقعی ایک بہت مشکل فیصلہ تھا۔ ہم نے ایک ساتھ کافی کرکٹ کھیلی ہے اور میں انہیں ابتدائی دنوں سے جانتا ہوں۔ ٹیسٹ میچ سے پہلے میں نے ان سے بات کی اور ٹیم کے اس فیصلے کی وجہ سمجھائی۔ انہوں نے بھی اسے سمجھا۔ دیکھیے، ہر کھلاڑی کے کریئر میں ایک ایسا دور آتا ہے جب وہ اپنی بہترین کارکردگی کے معیار پر نہیں ہوتا۔ ہم نے موجودہ فارم کی بنیاد پر ٹیم کا انتخاب کیا۔ سراج جس طرح کے کھلاڑی ہیں، وہ یہاں سے مزید بہتر کارکردگی کے ساتھ واپسی کریں گے۔“
گل کا یہ بیان سراج کو ٹیم سے باہر رکھنے کے فیصلے پر پیدا ہونے والے سیاسی تنازعہ کے درمیان سامنے آیا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام لگایا تھا کہ سابقہ کارکردگی کے باوجود تیز گیند باز کو ان کے نام کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔ ان کے اس الزام کے بعد سیاسی رہنماو¿ں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ رہنماو¿ں نے مسعود کے دعوے کی حمایت کی، جب کہ بعض نے ٹیم کے انتخاب میں مذہبی امتیاز کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
تاہم، گل نے واضح کیا کہ سراج کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ مکمل طور پر کرکٹ سے متعلق پہلوؤں اور موجودہ فارم کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے تیز گیند باز کی مضبوط واپسی کا یقین بھی ظاہر کیا۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سراج کو آخری گیارہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا تھا۔ ٹیم نے تیز گیند بازی کے شعبے میں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، انشول کمبوج اور پرسدھ کرشنا کو موقع دیا تھا۔ بیسن ریزرو میں پیر کو پانچویں اور آخری دن ہندوستان نیوزی لینڈ کے باقی پانچ وکٹ حاصل نہیں کر سکا اور مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔
ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 720 رن بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ کے ایل راہل نے 136 اور رشبھ پنت نے 128 رن بنائے۔ گل سنچری سے محروم رہ گئے اور انہوں نے 98 رن کی اننگز کھیلی۔ یشسوی جیسوال نے 85 رن بنائے، جب کہ دیودت پڈیکل نے 80 اور دھرو جوریل نے 78 رن کا تعاون دیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 368 رن پر سمٹ گئی۔ ہنری نکولس نے ناٹ آو¿ٹ 175 اور گلین فلپس نے 118 رن بنائے۔ ان دونوں نے پانچ وکٹ پر 70 رن کی مشکل صورت حال سے ٹیم کو نکالتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 216 رن کی شراکت داری کی۔ ہندوستان نے آخری دن مضبوط پوزیشن میں کھیل شروع کیا تھا، لیکن ڈیرل مچل اور فلپس کی مزاحمت بھری بلے بازی نے مہمان ٹیم کو جیت سے دور رکھا۔
نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 120 اوور بلے بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹ پر 239 رن بنائے۔ مچل 186 گیندوں پر 49 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ فلپس نے 126 گیندوں پر ناٹ آو¿ٹ 26 رن بنائے۔ آخری دن ہندوستانی گیند باز صرف تین وکٹ حاصل کر سکے۔ واشنگٹن سندر، پرسدھ کرشنا اور انشول کمبوج نے ایک ایک وکٹ لیا۔
آخری گھنٹے سے کچھ وقت پہلے ہندوستانی کپتان گل نے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں سے ہاتھ ملایا اور مقابلہ ڈرا پر ختم ہو گیا۔
اب دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے کرائسٹ چرچ روانہ ہوں گی۔ یہ مقابلہ 27 نومبر سے ہیگلے اوول میں شروع ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ ڈرا رہنے کے بعد ہندوستان کی کوشش ہوگی کہ دوسرا مقابلہ جیت کر سیریز اپنے نام کرے۔
اس سے پہلے ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے دورے پر پانچ میچوں کی ٹی20 بین الاقوامی سیریز 2-3 سے اور یک روزہ سیریز1-3 سے جیتی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد