ایس اینڈ پی نے مالی سال 27-2026 میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 7 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی
نئی دہلی، 23 نومبر (ہ س)۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے رواں مالی سال 27-2026 کے لیے ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کا اپنا اندازہ برقرار رکھا ہے۔ ایجنسی نے ہندوستان کو 2027 میں ایشیا -بحرالکاہل
SP-keeps-Indias-FY27-growth


نئی دہلی، 23 نومبر (ہ س)۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے رواں مالی سال 27-2026 کے لیے ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کا اپنا اندازہ برقرار رکھا ہے۔ ایجنسی نے ہندوستان کو 2027 میں ایشیا -بحرالکاہل خطے کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل قرار دیا ہے۔ تاہم، ریٹنگ ایجنسی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے خبردار بھی کیا ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگ نے پیر کو جاری اپنے تازہ ایشیا- بحرالکاہل اقتصادی منظرنامے میں رواں مالی سال 27-2026 کے لیے ہندوستان کی شرح نمو کا اندازہ 7 فیصد پر برقرار رکھا ہے، لیکن آئندہ مالی سال 28-2027 کے لیے اپنے اندازے کو 7.2 فیصد سے 0.2 فیصد کم کرکے 7 فیصد کر دیا ہے۔ ایس اینڈ پی نے رپورٹ میں امید ظاہر کی ہے کہ ویتنام اور ہندوستان 2027 میں اس خطے کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتیں ہوں گی۔ ایجنسی نے کہا کہ توانائی کی بلند قیمتیں خطے کی معیشتوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنی رہیں گی، جب کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سب سے بڑا مثبت عامل ہوگی۔ تاہم، 2027 میں ان دونوں عوامل کا اثر کچھ کم ہونے کی توقع ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ ال نینو کے باعث ایشیا- بحرالکاہل خطے کی معیشتوں، خصوصاً ہندوستان میں غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) دسمبر میں پالیسی شرح سود میں مزید 0.25 فیصد اضافہ کر سکتا ہے۔ ایجنسی نے 31 مارچ کو ختم ہونے والے رواں مالی سال27-2026 میں خوردہ مہنگائی اوسطاً 5.3 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم، مہنگائی کا خطرہ اندازے سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اکتوبر میں خوردہ مہنگائی بڑھ کر 6.1 فیصد پر پہنچ گئی ہے، جو آر بی آئی کے مقرر کردہ 2 سے 6 فیصد کے اطمینان بخش دائرے سے زیادہ ہے۔

ایس اینڈ پی کو امید ہے کہ آر بی آئی دسمبر میں پالیسی شرح سود میں مزید 0.25 فیصد اضافہ کرے گا۔ اس کے بعد 2027 کے آغاز میں بھی اتنا ہی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، مارچ 2028 میں ختم ہونے والے مالی سال میں مہنگائی کم ہوکر 4.7 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ اس سے پہلے آر بی آئی نے گزشتہ ماہ ستمبر کی سہ ماہی میں اقتصادی ترقی کی شرح 7.2 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا تھا، جب کہ وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ میں اس کے 7.35 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان 30 نومبر کو رواں مالی سال27-2026 کی دوسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے جی ڈی پی کی شرح نمو کے سرکاری اعداد و شمار جاری کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande