
نئی دہلی، 23 نومبر (ہ س)۔ گھریلو اجناس بازار یعنی ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں ہفتے کے پہلے کاروباری دن پیر کی صبح قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں زبردست بحالی دیکھنے کو ملی۔ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں مسلسل فروخت اور امریکی ٹریژری ییلڈ کے ساتھ ڈالر انڈیکس میں نرمی کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے اور چاندی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے صرافہ بازار میں تقریباً 9 فیصد کی بھاری گراوٹ کے بعد آج صبح کم قیمتوں پر نئی خریداری شروع ہو گئی۔ بین الاقوامی بازار کامیکس میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 3,610 سے 3,630 ڈالر فی اونس کے درمیان پہنچ گئی، جبکہ اسپاٹ چاندی کی قیمت 3 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 42.50 ڈالر فی اونس رہی۔
بین الاقوامی بازار میں تیزی کا اثر گھریلو فیوچر بازار پر بھی نظر آیا۔ ایم سی ایکس میں 4 دسمبر کی میعاد والا سونا ابتدائی کاروبار میں 2,957 روپے یعنی 2.43 فیصد اضافے کے ساتھ 1,24,735 سے 1,24,760 روپے فی 10 گرام کی سطح پر پہنچ گیا۔ مسلسل خریداری کے باعث سونے کی قیمت ایک بار پھر 1.25 لاکھ روپے فی 10 گرام کے قریب پہنچ گئی ہے۔
بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے قیمتوں میں شدید گراوٹ کے بعد شارٹ کورنگ اور ملک میں شادیوں کے موسم کی وجہ سے زیورات کی مانگ میں اضافے نے سونے کی قیمتوں کو نچلی سطح پر سہارا دیا ہے۔
سونے کی طرح چاندی کی قیمت میں بھی پیر کی صبح زبردست اچھال دیکھا گیا۔ ایم سی ایکس میں 4 دسمبر کی میعاد والی چاندی 3,476 روپے یعنی 2.35 فیصد اضافے کے ساتھ 1,51,289 سے 1,52,090 روپے فی کلوگرام کی سطح پر کاروبار کرتی نظر آئی۔ گزشتہ ہفتے چاندی کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ کے بعد آج صبح تاجروں نے کم قیمتوں پر جم کر خریداری کی، جس سے چاندی دوبارہ 1.51 لاکھ روپے کی سطح عبور کر گئی۔
توانائی کے شعبے کی بات کریں تو خام تیل کی قیمتوں میں عالمی اور گھریلو بازاروں میں الگ الگ رجحان دیکھا گیا۔ عالمی حصص بازاروں میں کمزوری اور طلب میں کمی کے خدشات کے باعث بین الاقوامی بازار میں برینٹ کروڈ کی قیمت 0.30 سے 0.67 فیصد تک گر کر 91.95 سے 92.29 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی۔ اسی طرح امریکی ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت بھی 0.18 سے 0.66 فیصد گر کر 82.86 سے 83.26 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
تاہم گھریلو بازار میں روپے کی ابتدائی مضبوطی برقرار نہ رہنے اور اس کی قدر کم ہونے کے باعث ایم سی ایکس میں 18 دسمبر کی میعاد والا خام تیل 103 روپے یعنی 1.34 فیصد اضافے کے ساتھ 7,798 روپے فی بیرل کی سطح پر کاروبار کرتا نظر آیا۔
صنعتی دھاتوں یعنی بنیادی دھاتوں کے بازار میں پیر کی صبح ملا جلا رجحان رہا۔ ایم سی ایکس میں 30 نومبر کی میعاد والا تانبے کا فیوچر 1.54 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 1,152.75 سے 1,190.75 روپے فی کلوگرام کے درمیان دباو¿ میں رہا۔ صنعتی طلب کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کے باعث تانبے کی قیمتوں پر دباو¿ برقرار ہے۔
اس کے برعکس ایلومینیم کے فیوچر میں خریداری کا رجحان رہا اور اس کی قیمت 2.06 فیصد اضافے کے ساتھ 317.25 سے 319.35 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔
بازار کے تکنیکی ماہرین کے مطابق آج کے کاروباری سیشن میں ایم سی ایکس پر سونے کے لیے 1,23,500 روپے اور خام تیل کے لیے 7,720 روپے کی سطح اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی