ہفتہ وار شیئر جائزہ: غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ریکارڈ خریداری سے جھوم اٹھا شیئر بازار، نو ماہ کی بالائی سطح پر سینسیکس اور نفٹی
نئی دہلی، 22 نومبر (ہ س)۔ عالمی بازاروں میں شدید اتھل پتھل اور گراوٹ کے باوجود ہندوستانی شیئر بازار نے اس ہفتے زبردست مضبوطی کے ساتھ کاروبار کیا۔ غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں کی جانب سے ہندوستانی ایکویٹی بازار میں
علامتی تصویر


نئی دہلی، 22 نومبر (ہ س)۔ عالمی

بازاروں میں شدید اتھل پتھل اور گراوٹ کے باوجود ہندوستانی شیئر بازار نے اس ہفتے

زبردست مضبوطی کے ساتھ کاروبار کیا۔ غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں کی جانب سے

ہندوستانی ایکویٹی بازار میں کی جا رہی ریکارڈ خریداری نے گھریلو بازار کے رجحان

کو سب سے بڑا سہارا دیا۔ بازار کی تیزی کے سبب شیئر بازار کے دونوں اہم انڈیکس

سینسیکس اور نفٹی نو ماہ کی بالائی سطح پر پہنچ گئے۔ اس مہینے اب تک غیر ملکی

سرمایہ کاروں نے ہندوستانی شیئروں میں تقریباً 1.15 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری

کی ہے، جو اب تک کی سب سے بڑی ماہانہ سرمایہ کاری مانی جا رہی ہے۔ گلوبل فنڈز

مہنگے غیر ملکی ٹیکنالوجی شیئروں سے پیسہ نکال کر ہندوستانی بازار کی جانب رخ کر

رہے ہیں۔

پورے ہفتے کے کاروبار کے دوران

بامبے اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس ہفتہ وار بنیاد پر تقریباً 2.9 فیصد کی مضبوطی

درج کرتے ہوئے 83,919.71 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج

کا نفٹی 50 انڈیکس بھی شاندار ریکوری کرتے ہوئے 25,800.60 پوائنٹس کی سطح پر بند

ہونے میں کامیاب رہا۔ ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کو ابتدائی گراوٹ کے بعد

بینکنگ، فائنانشل سروس اور آئی ٹی شیئروں میں زبردست خریداری ہوئی، جس سے سینسیکس

میں 897.96 پوائنٹس اور نفٹی میں 286.30 پوائنٹس کا بڑا اضافہ درج کیا گیا۔

سیکٹورل محاذ پر اس ہفتے بینکنگ

اور مالیاتی شعبے کے شیئروں کا دبدبہ قائم رہا۔ نفٹی بینک انڈیکس نے شاندار تیزی

دکھاتے ہوئے پہلی بار 64,400 پوائنٹس کے پار جا کر نئی ریکارڈ بلند ترین سطح حاصل

کی۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ بینک، سرکاری بینک، رئیلٹی اور ہیلتھ کیئر انڈیکسوں میں

بھی اچھی تیزی دیکھنے کو ملی۔ جمعہ کے کاروبار میں اپولو ہاسپٹلس، ایکسس بینک،

میکس ہیلتھ کیئر، انڈس انڈ بینک اور ماروتی سوزوکی جیسے سرکردہ شیئروں نے بازار کو

اوپر کھینچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری طرف، نفٹی میڈیا اور میٹل

انڈیکسوں میں بالائی سطحوں پر منافع وصولی کا دباؤ رہا۔ براڈر مارکیٹ میں ملا جلا

رجحان رہا، جہاں نفٹی مڈ کیپ 100 انڈیکس مضبوطی کے ساتھ بند ہوا، وہیں اسمال کیپ

100 انڈیکس میں ہلکی سستی دیکھی گئی۔ شیئر بازار کی اس تیزی کے ساتھ ہی ہندوستانی

روپے نے بھی ڈالر کے مقابلے 93 کی سطح کو پار کر سات ماہ کی بلند ترین سطح کو

چھوا۔ بازار کے ماہرین کا ماننا ہے کہ مضبوط گھریلو بنیادی عوامل اور غیر ملکی

سرمائے کی آمد کے چلتے ہندوستانی بازار عالمی فروخت سے محفوظ نظر آ رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande