سونے کی درآمد میں 40 فیصد کمی، 16.46 ارب ڈالر کی بچت: کیٹ
نئی دہلی، 22 نومبر(ہ س)۔ ملک میں سونے کی درآمد میں گزشتہ سات ماہ کے دوران تقریباً 40 فیصد کمی درج کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 16.46 ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ تاجر تنظیم کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (کیٹ)نے اس کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر ا
سونے کی درآمد میں 40 فیصد کمی، 16.46 ارب ڈالر کی بچت: کیٹ


نئی دہلی، 22 نومبر(ہ س)۔ ملک میں سونے کی درآمد میں گزشتہ سات ماہ کے دوران تقریباً 40 فیصد کمی درج کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 16.46 ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ تاجر تنظیم کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (کیٹ)نے اس کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے سونے کی غیر ضروری خریداری سے گریز کی اپیل کا مثبت اثر اب ملک کے معاشی اعداد و شمار میں بھی نظر آنے لگا ہے۔

کیٹ کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے اتوار کو کہا کہ چند ماہ قبل وزیر اعظم مودی نے ملک کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ایک سال تک ضرورت نہ ہونے پر سونا نہ خریدیں۔ ان کے مطابق عوام نے اس اپیل پر عمل کیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

کھنڈیلوال نے وزارت تجارت و صنعت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اپریل سے اکتوبر کے درمیان ہندوستان نے 24.78 ارب ڈالر کا سونا درآمد کیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں سونے کی درآمد پر 41.24 ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ اس طرح سات ماہ کے دوران سونے کے درآمدی بل میں 16.46 ارب ڈالر کی کمی آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں سونے کی درآمد میں سالانہ بنیاد پر 62.6 فیصد کی بڑی گراوٹ درج کی گئی اور یہ گھٹ کر 5.51 ارب ڈالر رہ گئی، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں سونے کی درآمد 14.72 ارب ڈالر تھی۔

کھنڈیلوال کے مطابق مالی سال 2026-27 میں ہندوستان کا مجموعی سونے کا درآمدی بل گھٹ کر 35 سے 40 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے، جبکہ مالی سال 2025-26 میں ملک نے تقریباً 71.98 ارب ڈالر کا سونا درآمد کیا تھا۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت میں ان کی اپیل پر ملک کے لوگوں نے ہفتے میں ایک دن کھانا چھوڑ کر قومی مفاد میں تعاون کیا تھا۔ اسی جذبے کا مظاہرہ آج عوام نے وزیر اعظم مودی کی اپیل پر کیا ہے۔کیٹ کے قومی صدر بی سی بھرتیا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل محض سونے کی خریداری کم کرنے کی درخواست نہیں تھی، بلکہ ملک کی معاشی صورت حال کو سمجھتے ہوئے قومی مفاد میں ذاتی اخراجات پر قابو رکھنے کی ایک اہم پہل تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس ذمہ داری اور اعتماد کے ساتھ اس اپیل کا احترام کیا ہے، وہ قابل ستائش ہے۔

آل انڈیا جیولرس اینڈ گولڈ اسمتھ فیڈریشن (اے آئی جے جی ایف) کے قومی صدر پنکج اروڑہ نے کہا کہ سونے کی درآمد میں کمی سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande