
سینچورین، 22 نومبر (ہ س)۔
جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف پیر، 23 نومبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں پہلے ٹیسٹ کے مقابلے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مستقل کپتان ٹیمبا باووما کی غیر موجودگی میں ایڈن مارکرم ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ٹونی ڈی زورزی کو باووما کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تیز گیند باز اینرک نورٹجے کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، پہلے ٹیسٹ کے دوران بلے بازی کرتے ہوئے باووما کی دائیں پنڈلی میں کھنچاو¿ آ گیا تھا، جس کے باعث وہ دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے ٹونی ڈی زورزی اب تک 17 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 919 رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 177 رنز ہے، جو انہوں نے 2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف ہی بنایا تھا۔
گیند بازی کے شعبے میں اینرک نورٹجے کی واپسی ہوئی ہے۔ انہیں ڈین پیٹرسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نورٹجے کی شمولیت سے جنوبی افریقہ کا تیز گیند بازی کا حملہ مزید مضبوط ہوگا۔
جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پانچویں دن کامیابی حاصل کرکے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری بنا لی تھی۔ اب ٹیم کی نظریں سینچورین ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے پر ہوں گی، جبکہ بنگلہ دیش کی کوشش دوسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی ہوگی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں جنوبی افریقہ فی الحال سرفہرست ہے، جبکہ بنگلہ دیش پانچویں مقام پر ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 23 سے 27 نومبر تک سینچورین میں کھیلا جائے گا۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون: ایڈن مارکرم (کپتان)، مارکس ایکرمین، زبیر حمزہ، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے، ریان رکلٹن، ویان ملڈر، مارکو جانسن، سائمن ہارمر، کگیسو ربادا اور اینرک نورٹجے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ