
اندور، 22 نومبر(ہ س)۔
ریلوے کے 23 سالہ تیز گیند باز جمشید عالم کا ٹی-20 میں آغاز شاندار رہا۔ انہوں نے اتوار کو سید مشتاق علی ٹرافی-2026 میں سوراشٹرکے خلاف کھیلتے ہوئے مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ وہ ٹی-20 کرکٹ میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے والے تیسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے۔
کرک انفو کے مطابق، ریلوے نے اتوارکواندورکے ڈیلی کالج گراؤنڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رن بنائے تھے۔ جواب میں سوراشٹر کی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹیں گنوا کر صرف 153 رن ہی بنا سکی اور 29 رن سے مقابلہ ہار گئی۔ سوراشٹر کی اننگز کے دوران چوتھے اوور میں گیند بازی کے لیے آئے عالم نے اپنی پہلی ہی گیند سے تباہی مچانی شروع کردی۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں ہاروک دیسائی، پریرک مانکڑ، روچت آہیراورسمرگجرکو مسلسل 4 گیندوں پرآؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔
جمشید عالم نے اوور کی تیسری گیند پر ہاروک کو کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد اگلی گیند پر مانکڑ کو بولڈ کردیا۔ پانچویں گیند پر آہیر نے کیچ تھما دیا، جبکہ آخری گیند پر سمر گجر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اپنے اگلے اوور میں سدھارتھ رانا کو آؤٹ کرکے عالم نے 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ مکمل کیا۔
عالم نے محض 9 گیندوں میں 5 وکٹیں حاصل کرکے اپنی گیند بازی سے سب کو متاثر کیا۔ مردوں کی ٹی-20 کرکٹ میں ان سے کم گیندوں میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ صرف 2 بار انجام دیا گیا ہے۔ وہیں مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے والے وہ تیسرے ہندوستانی تیز گیند باز ہیں۔
جمشید عالم سے پہلے 2 ہندوستانی گیند باز ٹی-20 کرکٹ میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ کرناٹک کے ابھمنیو متھن نے نومبر 2019 میں ہریانہ کے خلاف اننگز کے 20ویں اوور میں مسلسل 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد نومبر 2021 میں ودربھ کے درشن نالکنڈے نے کرناٹک کے خلاف یہی کارنامہ دہرایا تھا۔ دونوں گیند بازوں نے یہ کامیابی اننگز کے آخری اوور میں حاصل کی تھی، جبکہ عالم نے اننگز کے ابتدائی اووروں میں ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔
وہیں عالمی کرکٹ میں عالم سے کم گیندوں میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کی صرف 2 مثالیں موجود ہیں۔ انڈونیشیا کے گیدے پریندانا نے 2025 میں کمبوڈیا کے خلاف محض 6 گیندوں میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ فن لینڈ کے مہیش تامبے نے ایسٹونیا کے خلاف 8 گیندوں میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
جمشید عالم میرٹھ میوریکس کی جانب سے اتر پردیش ٹی-20 لیگ میں کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ریلوے کی جانب سے گھریلو انڈر-23 مقابلے سی کے نائیڈو ٹرافی کا بھی حصہ رہے ہیں۔ اس سال انہوں نے ٹی-20 ممبئی لیگ میں آکاش ٹائیگرز ایم ڈبلیو ایس کی نمائندگی کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / انظر حسن