
ملبورن، 22 نومبر(ہ س)۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے دوران ہاتھ میں چوٹ لگنے کے سبب انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس باقی وائٹ بال سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ان کے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم ان کی جگہ ٹیم میں کس کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا، اس کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ کی رات آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 میچ میں ہاتھ زخمی ہونے کے بعد ول جیکس انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کے باقی وائٹ بال دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔ بورڈ نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ متبادل کھلاڑی کے بارے میں جلد اطلاع دی جائے گی۔
ملبورن میں 21 نومبر کو کھیلے گئے پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اسی میچ میں آسٹریلیا کی اننگز کے 19ویں اوور میں ول جیکس گیند بازی کے لیے آئے تھے۔
اوور کی چوتھی گیند پر آسٹریلوی بلے باز بین ڈوارشوس کے تیز شاٹ کو کیچ کرنے کی کوشش میں گیند ان کی انگلیوں پر لگ گئی، جس سے ان کے ہاتھ سے خون بہنے لگا۔ چوٹ کے بعد انہیں میدان چھوڑنا پڑا اور وہ اپنا اوور بھی مکمل نہیں کر سکے۔ ان کی جگہ ہنری کروکومبے نے اوور کی باقی دو گیندیں کرائیں، جن پر صرف ایک رن بنا۔آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، جسے جیک ایڈورڈز نے کامیابی سے حاصل کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔سیریز کا دوسرا ٹی 20 مقابلہ منگل کو کوئنزلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan