ہانگ کانگ اوپن کے سیمی فائنل میں ہارے لکشیہ سین، مسلسل 13 میچ جیتنے کا سلسلہ ٹوٹا
ہانگ کانگ، 21 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی کھلاڑی لکشیہ سین کو ہفتے کے روز ہانگ کانگ اوپن کے سیمی فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی ان کی مسلسل 13 میچ جیتنے کی مہم ختم ہوگئی۔ بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سپر 500 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں انہیں عال
Sports-Badminton-Lakshya-Semifinal-Hong-Kong-Open


ہانگ کانگ، 21 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی کھلاڑی لکشیہ سین کو ہفتے کے روز ہانگ کانگ اوپن کے سیمی فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی ان کی مسلسل 13 میچ جیتنے کی مہم ختم ہوگئی۔ بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سپر 500 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں انہیں عالمی نمبر تین ڈنمارک کے اینڈرس اینٹونسن نے سیدھے گیموں میں ہرا دیا۔

عالمی نمبر 11 لکشیہ سین، ہائیلو اوپن اور جاپان ماسٹرز میں مسلسل خطاب جیتنے کے بعد ہانگ کانگ پہنچے تھے۔ تاہم 42 منٹ تک چلے مقابلے میں انہیں اینٹونسن کے ہاتھوں 21-13، 21-13 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ ڈنمارک کے کھلاڑی نے لکشیہ کے خلاف آمنے سامنے کے مقابلوں میں اپنا ریکارڈ 3-6 کرلیا۔

پہلے گیم میں سست شروعات کے بعد لکشیہ نے واپسی کرتے ہوئے 6-7 کی برتری حاصل کرلی تھی، لیکن اس کے بعد کئی آسان غلطیوں نے ان کی رفتار متاثر کردی۔ ان کے جمپ اسماش کورٹ سے باہر جانے لگے، جبکہ حریف کے کنٹرولڈ کلیئر شاٹس کو سمجھنے میں بھی ان سے چوک ہوئی۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اینٹونسن نے اگلے 13 میں سے 10 پوائنٹس حاصل کرکے 10-16 کی برتری بنا لی۔

183 سینٹی میٹر قد کے اینٹونسن کی مضبوط دفاعی صلاحیت کے سامنے لکشیہ کے تیز فلیٹ ڈرائیوز، کورٹ کے کنارے کی جانب لگائے گئے اسماش اور نیٹ پر ان کے عمدہ کھیل کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا۔ کئی طویل ریلیز کے دوران 25 سالہ ہندوستانی کھلاڑی بالآخر صبر کھو بیٹھے۔ وہیں، موقع ملنے پر ڈنمارک کے کھلاڑی نے اپنے پسندیدہ کراس کورٹ اسماش کا استعمال کرتے ہوئے کئی اہم پوائنٹس حاصل کیے۔

شکست کے بعد لکشیہ نے کہا، ”ان کے ساتھ رفتار برقرار رکھنا میرے لیے بہت مشکل تھا۔ کورٹ پر وہ بہتر کھلاڑی تھے۔ اپنے کھیل کے انداز کے بارے میں مجھے لگا کہ پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے میں کچھ زیادہ ہی عجلت کر رہا تھا، کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ ریلیز زیادہ طویل ہوں۔“

29 سالہ اینٹونسن دوسرے گیم میں بھی کافی پراعتماد نظر آئے۔ انہوں نے کورٹ کے خالی حصوں کو درست نشانہ بناتے ہوئے 3-8 کی برتری حاصل کرلی۔ لکشیہ نے مسلسل تین پوائنٹس جیت کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی اور فرق کم کیا۔

تاہم اس کا اینٹونسن پر کوئی اثر نہیں پڑا اور انہوں نے ریلیز پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔ ڈنمارک کے کھلاڑی نے تیسرے میچ پوائنٹ پر کورٹ کے کنارے کی جانب اسماش لگا کر پوائنٹ حاصل کیا اور گزشتہ سال کے رنر اپ لکشیہ کو مقابلے سے باہر کرتے ہوئے اتوار کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی۔ خطاب کے لیے ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کے عالمی نمبر دو کنلاوت ویتیدسارن یا ابھرتے ہوئے انڈونیشیائی کھلاڑی محمد ذکی عبیداللہ میں سے کسی ایک سے ہوگا۔

لکشیہ نے کہا، ”گزشتہ دو ہفتوں کے بعد میں کافی تھکا ہوا تھا۔ جن شاٹس کو کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا، ان پر میں غیر ضروری طور پر پھسلنا نہیں چاہتا تھا، کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ میری ٹانگیں کافی تھکی ہوئی ہیں۔ ممکنہ طور پر اگر میں بہت زیادہ پھسلتا تو چوٹ لگنے کا خدشہ بڑھ جاتا۔ میں نے اپنے کوچ کے ساتھ مل کر یہی فیصلہ کیا تھا۔“

لکشیہ سین اور اینڈرس اینٹونسن دونوں نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنلس کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اگلے ماہ چین کے ہانگزو میں منعقد ہوگا، جس میں رواں سیزن کے ٹاپ آٹھ کھلاڑی حصہ لیں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande