طیارے کے کیبن میں ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جانے کی اجازت مسلسل تیسرے سال بھی جاری رہے گی: نائیڈو
نئی دہلی، 21 نومبر(ہ س)۔ شہری ہوابازی سلامتی بیورو (بی سی اے ایس) اور شہری ہوابازی کی وزارت نے سبری مالا یاترا کے دوران طیارے کے کیبن میں ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جانے کی خصوصی اجازت جاری رکھی ہے۔ یہ خصوصی اجازت 20 نومبر 2026 سے 20 جنوری 2027 تک نافذ
شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر کنجراپو رام موہن نائیڈو کی فائل فوٹو


نئی دہلی، 21 نومبر(ہ س)۔ شہری ہوابازی سلامتی بیورو (بی سی اے ایس) اور شہری ہوابازی کی وزارت نے سبری مالا یاترا کے دوران طیارے کے کیبن میں ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جانے کی خصوصی اجازت جاری رکھی ہے۔ یہ خصوصی اجازت 20 نومبر 2026 سے 20 جنوری 2027 تک نافذ رہے گی۔

مرکزی وزیر شہری ہوابازی کنجراپو رام موہن نائیڈو نے ہفتہ کو ایکس پر پوسٹ کرکے بتایا کہ سبری مالا کے یاتری مسلسل تیسرے سال بھی طیارے کے کیبن میں اپنا مقدس ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جا سکیں گے۔ نائیڈو نے لکھا، ’’سوامیے شرنم ایپا!‘‘ انہوں نے کہا کہ سبری مالا کے یاتریوں کے ذریعے مقدس ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جانے کی روایت صدیوں پرانی ہے، جو گہری عقیدت اور بھکتی سے جڑی ہوئی ہے۔ لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ عقیدت مندوں کو طیارے کے کیبن میں اپنا ’ایروموڈی کیٹو‘ لے جانے کی اجازت مسلسل تیسرے سال بھی جاری رکھی گئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ بی سی اے ایس، سی آئی ایس ایف اور ہوائی اڈوں کے آپریٹروں سمیت تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دی جائیں، تاکہ ہمارے ایپا بھکت بغیر کسی پریشانی کے اپنی یاترا مکمل کر سکیں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ سبری مالا یاترا کے منڈل-مکر ویلاکو سیزن کے دوران عقیدت مندوں کو 20 نومبر سے آئندہ 20 جنوری تک طیارے کے کیبن بیگیج میں ایروموڈی کیٹو (گھی سے بھرے ناریل سمیت دیگر پوجا کا سامان) لے جانے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔

ملیالم زبان میں ’ایرو‘ کا مطلب دو، ’موڈی‘ کا مطلب تھیلی یا پوٹلی اور ’کیٹو‘ کا مطلب گانٹھ ہوتا ہے۔ مذہبی عقیدے کے مطابق صرف وہی عقیدت مند مندر کی مقدس 18 سیڑھیاں چڑھ سکتے ہیں، جنہوں نے 41 دن کا سخت ورت مکمل کیا ہو اور جن کے سر پر ایروموڈی کیٹو ہو۔

اہم سیکورٹی اور سفر کے ضوابط:

کیبن میں ایروموڈی لے جانے سے پہلے ایکس رے اسکریننگ، دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے والے ڈیٹیکٹر (ای ٹی ڈی) سے جانچ اور جسمانی تلاشی کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ سفر سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے کیبن بیگیج کے ضوابط اور طریقہ کار کی تصدیق کر لینا مناسب ہوگا۔

سیاحت اور سفری تنظیموں نے ہوائی اڈوں کی انتظامیہ، ایئرلائنز اور سیکورٹی اہلکاروں سے اس رعایت کو آسانی سے نافذ کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ عقیدت مندوں کو ایروموڈی کو چیک اِن سامان میں رکھنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

قابل ذکر ہے کہ بی سی اے ایس اور شہری ہوابازی کی وزارت کے عام ضوابط کے تحت آتش گیر ہونے کے خدشے کے پیش نظر ناریل لے جانے پر پابندی رہتی ہے، لیکن سبری مالا یاترا کے منڈل-مکر ویلاکو سیزن کے دوران روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موسمی رعایت دی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande