جی ای ایم کا ٹرائبل انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ معاہدہ، قبائلی کاروباریوں کو ملیں گے نئے مواقع
نئی دہلی، 21 نومبر(ہ س)۔ مرکزی حکومت نے ملک کے قبائلی کاروباریوں اور تاجروں کو سرکاری خریداری کے نظام سے جوڑنے اور ان کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) نے جمعہ کو ٹرائبل انڈین چیمب
جی ای ایم کا ٹرائبل انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ معاہدہ، قبائلی کاروباریوں کو ملیں گے نئے مواقع


نئی دہلی، 21 نومبر(ہ س)۔ مرکزی حکومت نے ملک کے قبائلی کاروباریوں اور تاجروں کو سرکاری خریداری کے نظام سے جوڑنے اور ان کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) نے جمعہ کو ٹرائبل انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ٹِکی) کے ساتھ ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔وزارت تجارت و صنعت نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ اس معاہدے کا مقصد سرکاری خریداری کے عمل میں قبائلی کاروباریوں اور ان کے اداروں کی شمولیت کو مضبوط بنانا ہے۔

اس معاہدے پر جی ای ایم کے ایڈیشنل سی ای او اجیت بی چوہان اور ٹرائبل انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی اور صدر سدھاکر دھراؤتھ نے دستخط کیے۔ اس شراکت داری کے ذریعے جی ای ایم کے تحت سرکاری خریداری کے مواقع کے بارے میں قبائلی کاروباریوں میں بیداری پیدا کرنے، ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور اس نظام میں ان کی شمولیت بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

اس تعاون کے بارے میں جی ای ایم کے سی ای او مہیَر کمار نے کہا کہ ٹِکی کے ساتھ یہ شراکت داری قبائلی کاروباریوں کے لیے سرکاری خریداری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ٹِکی قبائلی کاروباریوں کی شناخت کرے گا اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر لائے گا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور قومی سطح پر ان کی رسائی بڑھانے والے پروگراموں میں مدد فراہم کرے گا اور انہیں زمینی سطح پر ضروری تعاون بھی دیا جائے گا۔

مہیر کمار کے مطابق کاروباریوں کی تربیت اور رہنمائی کے لیے ماہرین اور مشیروں کا ایک نیٹ ورک بھی تیار کیا جائے گا۔ دونوں تنظیمیں مل کر عملی منصوبے بنائیں گی، ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گی اور کاروباریوں سے ملنے والی تجاویز کی بنیاد پر اپنی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنائیں گی۔

وزارت کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد قبائلی کاروباروں کو خصوصی رہنمائی، صلاحیتوں کی ترقی، جی ای ایم پلیٹ فارم پر رجسٹریشن اور مسلسل تعاون کے ذریعے سرکاری خریداری کے مواقع سے جوڑنا ہے۔اس پہل کے ذریعے قبائلی کاروباریوں کو سرکاری محکموں کے ساتھ کاروبار کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں گے۔ حکومت کا بنیادی مقصد سرکاری خریداری کے نظام میں قبائلی تاجروں اور کاروباری اداروں کی حصہ داری بڑھانا اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande