
نئی دہلی، 20 نومبر(ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے جمعہ کو نئی دہلی میں فکی (فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری) کے کھیل کاروبار سے متعلق عالمی چوٹی کانفرنس ’ٹرف‘ کے 16ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’کھیل نوجوانوں کی ترقی، سماجی شمولیت، اقتصادی مواقع اور بین الاقوامی تعاون کا ایک مضبوط ذریعہ بن کر ابھرے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے کھیلوں کو ملک کی تعمیر کے اپنے ایجنڈے کا مرکز بنایا ہے۔ ہمارا نقطۂ نظر ایک واضح سوچ سے متاثر ہے - میدان سے تمغوں کے اسٹیج تک ہر ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے لیے مواقع پیدا کرنا۔‘‘
یہ سربراہی اجلاس ’’ہندوستان کی کھیلوں کی معیشت کو فروغ دینا: شراکت داری، اختراع اور عالمی قیادت‘‘ کے موضوع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان کے کھیلوں کے نظام میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’کھیلو انڈیا مشن، فٹ انڈیا تحریک اور ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم یوجنا جیسے اقدامات کے ذریعے ہم نچلی سطح پر کھیلوں میں لوگوں کی شرکت بڑھا رہے ہیں، کھیلوں کی صلاحیتوں کو پہچان رہے ہیں اور اعلیٰ کارکردگی والے کھیلوں تک رسائی کے راستے ہموار کر رہے ہیں۔‘‘
مرکزی کابینہ نے حال ہی میں نئی کھیلو انڈیا اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت اگلے 5 برسوں کے لیے 36,441 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، صلاحیتوں کو نکھارنا اور ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کی کھیلوں میں کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ایشین پیرا گیمز 2026 میں بھی ہندوستان کی کارکردگی تاریخی رہی، جہاں ہمارے پیرا کھلاڑیوں نے ریکارڈ 114 تمغے جیتے۔ ان کھیلوں میں یہ ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔‘‘
کھیلوں کے شعبے میں صنعت کی دنیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’ہم مانتے ہیں کہ کھیلوں کا مستقبل صرف کھلاڑیوں اور کھیل اداروں سے ہی نہیں، بلکہ ایک مضبوط، مسابقتی اور اختراع پر مبنی کھیل صنعت سے بھی طے ہوگا۔‘‘
حکومت نے ہندوستان کو کھیلوں کے سامان کی تیاری اور اختراع کا عالمی مرکز بنانے کے مقصد سے کھیلو انڈیا کھیل سامان مینوفیکچرنگ اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے لیے 1,856.67 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کھیلو بھارت پالیسی 2025 میں ہندوستان میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک وسیع نقطۂ نظر پیش کیا گیا ہے، جبکہ قومی کھیل گورننس ایکٹ کھیلوں کے انتظام میں جواب دہی اور شفافیت کو یقینی بنا رہا ہے۔
ڈاکٹر مانڈویا نے بڑے بین الاقوامی کھیل مقابلوں کی میزبانی کرنے کے ہندوستان کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔ ہندوستان 2030 میں احمد آباد میں دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسی شہر میں 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی امید بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’صرف گزشتہ 18 ماہ کے دوران ہی ہندوستان نے 18 شہروں میں 40 بین الاقوامی کھیل مقابلوں کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی ہے۔ یہ نہ صرف ہمارے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی بلکہ مقابلوں کے انعقاد کی صلاحیت میں مسلسل اضافے کو بھی ظاہر کرتا ہے۔‘‘
مرکزی وزیر کھیل نے صنعت کے بڑے کاروباری افراد سے اس شعبے کی ترقی کے لیے طویل مدتی حکمت عملی اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، اعلیٰ کارکردگی والی اکیڈمیوں، کھیل سائنس مراکز، کھیل ٹیکنالوجی اور کھلاڑیوں کے انتظامی نظام کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ نجی سرمایہ کاری ہمارے کھیل نظام میں زیادہ کارکردگی، اختراع اور بین الاقوامی معیار کے بہتر طریقۂ کار کو فروغ دے سکتی ہے۔‘‘
ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’ہمارا مقصد ہندوستان کو کھیلوں کا ملک ہونے سے آگے بڑھا کر عالمی کھیل معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔ سال 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے اس سفر میں کھیل اہم کردار ادا کریں گے۔‘‘
انہوں نے بین الاقوامی شراکت داروں، سرمایہ کاروں، مینوفیکچررز اور کھیل اداروں کو اس تبدیلی میں شراکت دار بننے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا، ’’آئیے، ہم مل کر ہندوستان میں تیار کریں، ہندوستان میں کھیلیں اور ہندوستان کے ساتھ آگے بڑھیں۔‘‘
افتتاحی اجلاس میں فکی کھیل کمیٹی کے صدر اور جی ایم آر گروپ کے اسٹریٹجک مشیر پی کے ایس وی ساگر، فکی کھیل کمیٹی کے شریک صدر اور اڈانی اسپورٹس لائن کے چیف بزنس آفیسر سنجے اڈیسرا، فکی کے صدر وجے شنکر اور فکی کی ڈائریکٹر جنرل جیوتی وج سمیت بین الاقوامی شراکت دار، کھیل دنیا کی اہم شخصیات، صنعت کے نمائندے اور کھلاڑی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن