
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ ارجن ایوارڈ یافتہ شطرنج گرینڈ ماسٹر دیویہ دیشمکھ اور ودت گجراتی ہندوستان میں شطرنج کی حالیہ ترقی سے کافی پرُجوش ہیں۔ خاص طور پر رواں ماہ ملک کے 100ویں گرینڈ ماسٹر بننے کی کامیابی کو انہوں نے ہندوستانی شطرنج کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
انوج شریواستری نے 8 نومبر 2026 کو فلپائن میں منعقدہ ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چیمپئن شپ جیت کر ہندوستان کے 100ویں گرینڈ ماسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ انوج اپنے صوبے کے پہلے گرینڈ ماسٹر بھی بن گئے ہیں۔
دیویہ نے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”میرے خیال میں یہ انتہائی قابلِ ستائش کامیابی ہے کہ ہم نے اپنا 100واں گرینڈ ماسٹر تیار کرلیا ہے۔ یہاں تک کہ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس بارے میں ٹوئٹ کیا۔ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے کہ شطرنج کو اتنی پہچان اور مقبولیت مل رہی ہے اور لوگ پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں یہ کھیل کھیل رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے 100 کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ تاہم، میرے خیال میں ہمارے اندر مستقبل میں کئی سو بلکہ ہزاروں گرینڈ ماسٹر تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ بہت سے بچے شطرنج کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور انہیں یہ کھیل پسند بھی آ رہا ہے۔ ذاتی طور پر یہ سب دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔“
ہندوستان میں شطرنج کے 100 گرینڈ ماسٹر بننے کا سفر وشو ناتھن آنند سے شروع ہوا تھا۔ آنند 1988 میں ملک کے پہلے گرینڈ ماسٹر بنے تھے اور بعد میں پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن بھی رہے۔ ان کے بعد 1991 میں دیویندو بروا اور 1997 میں پروین تھپسے گرینڈ ماسٹر بنے۔
گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ملک میں شطرنج کی تیز رفتار ترقی کے حوالے سے ودت گجراتی نے کہا، ”میرے خیال میں گزشتہ چند برسوں سے شطرنج مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ ہمیں اس کا اندازہ اس وقت ہوا جب ہم نے 2024 کے فیڈے اولمپیاڈ میں طلائی تمغہ جیتا۔ 100 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ تھا کہ ہم نے یہ کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ موجودہ عالمی چیمپئن بھی ہندوستانی ہیں اور ان کا نام گوکیش ہے۔“
انہوں نے مزید کہا، ”ہندوستان میں شطرنج کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور اس کی بدولت پوری دنیا میں ملک کو عزت و احترام مل رہا ہے۔ ہم نے جس انداز میں یہ کھیل کھیلا ہے، اس سے عالمی سطح پر ہماری شناخت مضبوط ہوئی ہے۔ آج ہم دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہیں۔
19 سال کی عمر میں 28 جولائی کو گرینڈ ماسٹر بننے والی دیویہ اور 2013 میں 18 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے ودت کو 13 نومبر کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ارجن ایوارڈ سے نوازا تھا۔
اب دونوں کھلاڑی ہندوستانی شطرنج کی مسلسل ترقی کے حوالے سے پ±رامید ہیں۔ خاص طور پر 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی دعویداری کے پیش نظر انہیں امید ہے کہ ملک میں کھیلوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ