
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو مغربی بنگال، بہار اور اتر پردیش کے ایک روزہ دورے پر ہوں گے۔ اس دوران وہ تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق کئی اہم پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم بہار کے ویشالی میں تقریباً 34,470 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے ، جب کہ دریائے گنگا پر تعمیر کیے گئے ’نتیش سیتو‘ کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، وزیر اعظم مودی ہفتہ کی صبح 09:45 بجے مغربی بنگال میں واقع ملک کے پہلے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (1951 میں قائم) یعنی آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جوبلی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ ادارے کے 75 سالہ شاندار سفر کی علامت کے طور پر 75 طلبہ سے بات چیت کریں گے اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
مغربی بنگال کے بعد وزیر اعظم دوپہر 01:15 بجے بہار کے ویشالی ضلع میں دریائے گنگا پر تعمیر کیے گئے چھ لین والے ایکسٹرا ڈوزڈ کیبل اسٹیڈ پل ’نتیش سیتو‘ کا معائنہ کریں گے اور اسے قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً دو بجے وزیر اعظم ویشالی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے اور تقریباً 34,470 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی شام 05:30 بجے اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو¿ کے گومتی نگر میں واقع اندرا گاندھی پرتشٹھان میں پانچویں ہنرمندی کانووکیشن تقریب میں شرکت کریں گے اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ سال 22-2021 میں شروع کیے گئے اس قومی پلیٹ فارم پر اس سال صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی)، قومی ہنرمندی تربیتی اداروں (این ایس ٹی آئی) اور تربیت کاروں کے تربیتی اداروں کے 52 قومی سطح کے ٹاپرس کو ان کی نمایاں کامیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد