پرائم والی بال لیگ کا پانچواں سیزن 30 نومبر سے شروع ہوگا، احمد آباد میزبانی کرے گا
نئی دہلی، 2 نومبر (ہ س)۔ پرائم والی بال لیگ (پی وی ایل) کا پانچواں سیزن 30 نومبر سے احمد آباد میں منعقد ہوگا۔ شہر کے نارن پورہ علاقے میں واقع ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے اس ایک ماہ طویل مقابلے میں ہندوستان کے ممتاز والی بال کھلاڑیوں کے
پرائم والی بال لیگ کا پانچواں سیزن 30 نومبر سے شروع ہوگا، احمد آباد میزبانی کرے گا


نئی دہلی، 2 نومبر (ہ س)۔ پرائم والی بال لیگ (پی وی ایل) کا پانچواں سیزن 30 نومبر سے احمد آباد میں منعقد ہوگا۔ شہر کے نارن پورہ علاقے میں واقع ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے اس ایک ماہ طویل مقابلے میں ہندوستان کے ممتاز والی بال کھلاڑیوں کے ساتھ بین الاقوامی کھلاڑی بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

احمد آباد میں اس مقابلے کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب شہر 2030 کے کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہے اور 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے بھی دعویداری کر رہا ہے۔ ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس کو شہر کے بین الاقوامی کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے ایک حصے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اب یہ کمپلیکس ملک کی معروف پیشہ ورانہ والی بال لیگ کی میزبانی کرے گا۔

پی وی ایل کے آغاز سے ہی ہر سیزن کا انعقاد مختلف شہروں میں کیا جاتا رہا ہے۔ اس کا مقصد ملک بھر میں والی بال کی رسائی بڑھانا اور نئے شائقین کو اس کھیل سے جوڑنا ہے۔ لیگ کا پانچواں سیزن ہندوستانی والی بال کو مل رہی بین الاقوامی شناخت کے درمیان منعقد ہو رہا ہے۔ اسی سال انٹرنیشنل والی بال فیڈریشن (ایف آئی وی بی) نے پی وی ایل کو ہندوستان کی پہلی ڈویژن کی پیشہ ورانہ والی بال لیگ کے طور پر منظوری دی ہے۔

ہندوستانی مردوں کی قومی ٹیم نے بھی ایف آئی وی بی کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ٹیم عالمی درجہ بندی میں 60ویں مقام سے ترقی کرتے ہوئے 42ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ 2026 کے ایشیائی کھیلوں، اے وی سی کانٹی نینٹل کپ اور احمد آباد میں منعقدہ جاپان اور اے وی سی مینز کپ جیسے بین الاقوامی مقابلوں میں اچھی کارکردگی کے نتیجے میں ٹیم کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔

پرائم والی بال لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوئے بھٹاچاریہ نے کہا، ’’پانچویں سیزن کو احمد آباد منتقل کرنا ہندوستان میں پیشہ ورانہ والی بال کو فروغ دینے کے ہمارے سفر کا ایک اہم قدم ہے۔ ہم نے ہر سیزن میں لیگ کو مختلف شہروں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ نئے شائقین تک پہنچا جا سکے اور اس کھیل کو وسعت دی جا سکے۔ احمد آباد کے بڑھتے ہوئے کھیلوں کے عزائم اور ہندوستانی مردوں کی قومی ٹیم کی ترقی کو دیکھتے ہوئے اس شہر میں پی وی ایل کے انعقاد کا یہ مناسب وقت ہے۔‘‘

احمد آباد ڈیفنڈرز کے مالک پروین چودھری نے کہا کہ ہمیں احمد آباد میں پرائم والی بال لیگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بے حد فخر محسوس ہو رہا ہے۔ شہر بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے اور عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات تیار کر رہا ہے۔ ایسے میں ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں پی وی ایل کا انعقاد شہر کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو پیش کرنے کا ایک اور بہترین موقع ہے۔ ہم ملک بھر سے آنے والی ٹیموں اور شائقین کا استقبال کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

بیس لائن وینچرز کے منیجنگ ڈائریکٹر اور شریک بانی نیز پرائم والی بال لیگ کے ڈائریکٹر توہین مشرا نے کہا کہ ایف آئی وی بی کی منظوری اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی مردوں کی ٹیم کی ترقی سے ملک میں والی بال کے حوالے سے جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کا مقصد پیشہ ورانہ والی بال کے نظام کو مضبوط بنانا، ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا اور اس کھیل کی رسائی کو وسیع کرنا ہے۔ احمد آباد اس سمت میں ایک اہم پڑاؤ ہے۔

پانچویں سیزن میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں خطاب کے لیے مقابلہ کریں گی۔ ان ٹیموں میں احمد آباد ڈیفنڈرز، بنگلورو ٹارپیڈوز، کالی کٹ ہیروز، چنئی بلیٹز، دہلی طوفانز، گوا گارجینز، کوچی بلیو اسپائیکرز، کولکاتا تھنڈربولٹس، ممبئی میٹیئرز اور تیلگو بلیک ہاکس شامل ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande