
ایشیائی کھیلوں میں چاندی کے دو تمغے جیتنے والی ودرسا کیرالہ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقرر
ترواننت پورم، 19 نومبر(ہ س)۔ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کے لیے چاندی کے 2 تمغے جیتنے والی ہندوستانی نشانہ باز ودرسا ونود کو کیرالہ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن نے جمعرات کو ودرسا کو تقرری نامہ سپرد کیا۔ وزیر اعلیٰ ستیشن نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ آج میرے دن کی شروعات نہایت خوشگوار رہی، کیونکہ مجھے اپنے دفتر میں ایشیائی کھیلوں میں 2 چاندی کے تمغے جیتنے والی ودرسا کے ونود کو تقرری نامہ سونپنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اپنی شاندار کامیابیوں سے کیرالہ اور پورے ملک کا نام روشن کرنے والی ودرسا اب ریاستی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کے نئے باب کا آغاز کر رہی ہیں۔ اس خوشی کے لمحے کو ان کے خاندان کے ساتھ بانٹنا خاص طور پر خوشگوار رہا، جو ان کے اس حوصلہ افزا سفر کا اہم حصہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کھیلوں کے چیمپئن نہ صرف اپنی کامیابیوں پر اعزاز کے مستحق ہیں بلکہ انہیں ایک محفوظ اور روشن مستقبل بنانے کے مواقع بھی ملنے چاہئیں۔ انہوں نے ودرسا کو ان کی نئی ذمہ داری کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی کئی مزید کامیابیاں حاصل کریں۔ ان کا یہ سفر کیرالہ میں کھیلوں کے نئے ٹیلنٹ کی نسل کو تحریک دیتا رہے۔ اس موقع پر ریاست کے کھیل وزیر او جے جنیش بھی موجود تھے۔
ودرسا نے ایشیائی کھیلوں 2026 میں خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم مقابلے میں ایلاوینل والاریون اور سونم مسکر کے ساتھ مل کر چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ خواتین کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ٹیم مقابلے میں تلوتما سین اور آشی چوکسی کے ساتھ مل کر دوسرا چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن