
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج زبردست خریداری کے باعث دن کے بیشتر حصے میں تیزی کا ماحول برقرار رہا۔ کاروبار کی شروعات ملی- جلی رہی اور بازار کھلتے ہی فروخت کا دباو بھی نظر آیا۔ تاہم ابتدائی 15 منٹ کے بعد ہی خریدار سرگرم ہو گئے، جس کے نتیجے میں سینسیکس اور نفٹی 50 دونوں اہم اشاریے سنبھل کر سبز نشان میں پہنچ گئے۔
اس خریداری کی حمایت سے صبح کی ابتدائی کمزوری سے نکلتے ہوئے بازار نے پہلے گھنٹے میں ہی رفتار پکڑ لی، جو تقریباً پورے دن برقرار رہی۔ آج آٹوموبائل، بینکنگ اور کنزیومر ڈیور ایبلز شعبوں کی بڑی کمپنیوں کے حصص میں زبردست خریداری نے دونوں اہم اشاریوں کو گزشتہ 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا اہم اشاریہ سینسیکس گزشتہ کاروباری دن کے 82,031.81 پوائنٹس کے مقابلے 42.35 پوائنٹس یعنی 0.05 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 82,074.16 پوائنٹس پر کھلا تھا۔ ابتدائی منٹوں میں فروخت کا دباو بڑھنے سے یہ اشاریہ 333.18 پوائنٹس یعنی 0.41 فیصد گر کر 81,698.63 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم بعد میں خریداروں کے حاوی ہونے سے سینسیکس نے شاندار واپسی کی اور کچھ ہی دیر میں سبز نشان میں آ گیا۔
مسلسل خریداری کے باعث اشاریے میں تیزی آتی گئی۔ دن کے دوران منافع وصولی کے سبب وقفے وقفے سے فروخت کا دباو¿ بھی بنا، لیکن اس کے باوجود تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ خریداری کے زور پر سینسیکس نے اپنی نچلی سطح سے 1,345.24 پوائنٹس کی چھلانگ لگائی اور 83 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ کاروبار ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے یہ اشاریہ 1,012.06 پوائنٹس یعنی 1.23 فیصد کے اضافے کے ساتھ 83,043.87 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ دن بھر کے کاروبار کے اختتام پر سینسیکس مجموعی طور پر 989.94 پوائنٹس یعنی 1.21 فیصد کی زبردست مضبوطی کے ساتھ 83,021.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے نفٹی 50 اشاریے میں بھی آج شاندار تیزی دیکھی گئی۔ نفٹی 50 گزشتہ کاروباری دن کے 25,227.95 پوائنٹس کے مقابلے 41.15 پوائنٹس یعنی 0.16 فیصد کی کمی کے ساتھ 25,186.80 پوائنٹس پر کھلا تھا۔ بازار کھلتے ہی فروخت کا دباو بڑھنے کے سبب یہ اشاریہ 123.15 پوائنٹس یعنی 0.49 فیصد گر کر ایک وقت میں 25,104.80 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم پہلے 15 منٹ کے کاروبار کے بعد ہی نچلی سطح پر خریداری شروع ہو گئی، جس سے یہ جلد ہی سبز نشان میں آ گیا۔
دن کے کاروبار کے دوران منافع وصولی کے لیے فروخت کرنے والوں نے کئی بار دباو بنانے کی کوشش کی، لیکن خریداری کا زور اتنا زیادہ تھا کہ ان کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔ مسلسل خریداری کے باعث نفٹی 50 نے آج 25,500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی آسانی سے عبور کر لی۔ بازار میں مثبت ماحول کے درمیان یہ اشاریہ دن کی نچلی سطح سے 409.50 پوائنٹس اچھل کر 25,514.30 پوائنٹس تک پہنچا اور آخرکار 286.35 پوائنٹس یعنی 1.14 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
بازار میں اس زبردست تیزی کے باعث بامبے اسٹاک ایکسچینج میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں بھی اضافہ ہوا۔ آج کی تیزی سے شیئر بازار کے سرمایہ کاروں کی دولت میں چار لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ درج کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 512.01 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) ہو گئی، جبکہ گزشتہ کاروباری دن یعنی بدھ کو یہ 507.65 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح آج کے کاروبار میں سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً 4.36 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران بی ایس ای میں 4,630 حصص ایکٹو ٹریڈنگ ہوئی۔ ان میں سے 2,410 حصص اضافے کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ 1,983 حصص میں گراوٹ درج کی گئی۔ وہیں 237 حصص میں کوئی اتار چڑھاو¿ نہیں ہوا۔ این ایس ای میں آج 3,300 حصص میں ایکٹو ٹریڈنگ ہوئی، جن میں سے 1,790 حصص منافع کے ساتھ سبز نشان میں اور 1,510 حصص نقصان کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 5 اضافے اور 25 گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ نفٹی میں شامل 50 حصص میں سے 42 سبز اور 8 سرخ نشان میں رہے۔
شعبہ وار کارکردگی کے لحاظ سے آج آٹوموبائل سیکٹر کے حصص نے بازار کی تیزی کی قیادت کی۔ نفٹی آٹو انڈیکس 4.40 فیصد کی زبردست تیزی کے ساتھ بند ہوا۔ اس کے علاوہ بی ایس ای کنزیومر ڈیور ایبلز میں 2.28 فیصد، بی ایس ای ایف ایم سی جی میں 1.89 فیصد، بی ایس ای کیپٹل گڈز میں 1.77 فیصد اور نفٹی بینک میں 1.65 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ دوسری جانب صرف نفٹی آئی ٹی اشاریہ ہی 1.10 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوا۔
براڈر مارکیٹ میں بھی آج مسلسل خریداری کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث نفٹی مڈکیپ 100 انڈیکس 1.06 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح اسمال کیپ انڈیکس میں 0.71 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔
آج تیزی کے بازار میں نفٹی کے پانچ سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے حصص میں ماروتی سوزوکی انڈیا سرفہرست رہا۔ اس کے حصص 7.58 فیصد اچھل کر 13,589 روپے پر بند ہوئے۔ اس کے بعد آئشر موٹرس 4.66 فیصد کے اضافے کے ساتھ 8,058.50 روپے، مہندرا اینڈ مہندرا 4.46 فیصد بڑھ کر 3,509 روپے، ٹاٹا موٹرس پیسنجر وہیکلس 4.34 فیصد کے اضافے کے ساتھ 263.50 روپے اور ہندوستان یونی لیور 4.07 فیصد بڑھ کر 2,074.20 روپے پر بند ہوئے۔
دوسری جانب فروخت کے دباو کا سامنا کرنے والے نفٹی کے پانچ سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والے حصص میں ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز سرفہرست رہی۔ اس کے حصص 1.55 فیصد گر کر 2,342.70 روپے پر بند ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹیک مہندرا 1.54 فیصد کی کمی کے ساتھ 1,723 روپے، انفوسس 1.52 فیصد گر کر 1,091.90 روپے، اپولو ہاسپٹلس 0.94 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 8,738 روپے اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز 0.88 فیصد کم ہو کر 1,332.90 روپےکی سطح پر آج کے ٹاپ 5لوزرس کی فہرست میں بند ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد