
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے سابق مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن نے کرکٹ کی مشہور اصطلاح ’فیب فور‘ کا حصہ ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں کبھی اس ممتاز گروپ میں شامل ہونے کا اضافی دباؤ محسوس نہیں ہوا۔ ان کے لیے ہمیشہ ٹیم کی جیت اور ملک کے لیے مفید کارکردگی پیش کرنا ہی سب سے بڑی ترجیح رہی۔
دراصل ’فیب فور‘ کی اصطلاح نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن کرو نے 2014 میں کین ولیمسن، ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور انگلینڈ کے جو روٹ کے لیے استعمال کی تھی۔ ان کا خیال تھا کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں اپنے اپنے ممالک کی قیادت کریں گے اور آنے والے برسوں میں کافی رن بنائیں گے۔ ان چاروں کھلاڑیوں نے اپنے ملک کے لیے بے شمار رن بنائے اور عظیم کرکٹرز میں شمار ہوئے۔ خاص طور پر وراٹ کوہلی نے 28 ہزار سے زیادہ بین الاقوامی رن اور 86 سنچریوں کے ساتھ تمام فارمیٹس کے عظیم کھلاڑیوں میں اپنی مضبوط شناخت قائم کی ہے۔
ولیمسن نے آئی سی سی ریویو کے حالیہ پروگرام میں انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین سے گفتگو کے دوران ’فیب فور‘ میں اپنی جگہ اور اس سے وابستہ تجربات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کبھی اس گروپ کا حصہ ہونے کا دباؤ محسوس نہیں ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے وراٹ کوہلی، جو روٹ اور اسٹیو اسمتھ کی جم کر تعریف بھی کی۔ ولیمسن کے مطابق وہ ان تینوں کھلاڑیوں کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کے کھیلنے کے انداز کو پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”مجھے کبھی اس کا بوجھ محسوس نہیں ہوا۔ میں فیب فور کے دیگر تینوں کھلاڑیوں کی بہت قدر کرتا ہوں۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔ جو روٹ کے ساتھ یارکشائر میں کھیل چکا ہوں اور باقی کھلاڑیوں کے خلاف بھی طویل عرصے تک کرکٹ کھیلی ہے۔ میں ان کے کھیلنے کے انداز کا بہت احترام کرتا ہوں۔ یہ تینوں کھلاڑی ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں۔“
ولیمسن نے کہا کہ انفرادی کامیابیاں حاصل کرنا اور فیب فور کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا نام جڑنا یقیناً خاص بات تھی، لیکن ان کی توجہ ہمیشہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی پیش کرنے پر رہی۔
ان کے مطابق ان کا مقصد ٹیم کے لیے مسلسل کارآمد کردار ادا کرنا اور اپنے کھیل میں بہتری لاتے رہنا تھا۔ مختلف حالات اور ادوار میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا موازنہ کرنا آسان نہیں ہوتا، اس لیے انہوں نے کبھی اس طرح کے تقابل کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔
ولیمسن نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جب وہ اپنے کریئر پر نظر ڈالتے ہیں تو انہیں یہ بات خاص محسوس ہوتی ہے کہ چاروں کھلاڑی طویل عرصے تک ایک ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سرگرم رہے اور انہوں نے خوب رن بنائے۔
گفتگو کے دوران ولیمسن سے یہ بھی پوچھا گیا کہ موجودہ کرکٹ میں کون سے نوجوان بلے باز مستقبل میں فیب فور جیسا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پر انہوں نے پانچ کھلاڑیوں کے نام لیے۔ ان کی فہرست میں انگلینڈ کے ہیری بروک، ہندوستان کے شبھمن گل اور یشسوی جیسوال، آسٹریلیا کے کیمرون گرین اور نیوزی لینڈ کے راچن رویندر شامل ہیں۔
ولیمسن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اس سوال کا جواب پہلے بھی دے چکے ہیں، اس لیے اس بار بھی وہی نام بتائیں گے، ورنہ یہ ایک طرح سے دھوکہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں میں ہیری بروک، شبھمن گل، کیمرون گرین اور یشسوی جیسوال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور نام راچن رویندر کا ہے۔ ان کے خیال میں ان کھلاڑیوں کے سامنے ایک چیلنج میچوں کی بہت زیادہ تعداد بھی خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ مستقبل میں حالات کس طرح کے ہوں گے، لیکن راچن رویندر بھی ان کی فہرست میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے اس مایہ ناز بلے باز نے جون میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ولیمسن نے تمام فارمیٹس میں 378 بین الاقوامی میچ کھیلے اور نیوزی لینڈ کے لیے 19 ہزار سے زیادہ رن بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 110 میچوں میں 54.06 کی اوسط سے 9,515 رن بنائے، جن میں 33 سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 175 میچوں میں 48.7 کی اوسط سے 7,256 رن بنائے، جن میں 15 سنچریاں شامل ہیں۔ وہیں ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ کے 93 میچوں میں ان کے نام 2,575 رن درج ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد