خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: ہندوستان نے ملیشیا کو 1-4 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا
خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: ہندوستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا بھوپال، 19 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں جمعرات سے شروع ہونے والی خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 میں میزبان ہندوستان نے جیت کے ساتھ
خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے افتتاح کے بعد کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ


خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے افتتاح کے بعد کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ


خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ


کھلاڑیوں کی تصویر، ہاکی انڈیا کے ایکس ہینڈل سے


خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: ہندوستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا

بھوپال، 19 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں جمعرات سے شروع ہونے والی خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 میں میزبان ہندوستان نے جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ یہاں برکھیڑا ناتھو واقع ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے ملیشیا کو 1-4 سے شکست دی۔ مقابلے میں ہندوستان کی جانب سے خان ممتاز، کپتان سلیمہ ٹیٹے، پوجا ساہو اور لالریمسیامی نے گول کیے۔ وہیں اپنے پہلے ہی میچ میں گول کرنے والی پوجا ساہو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دن چین اور جاپان نے بھی اپنے اپنے مقابلے جیت کر پورے پوائنٹس حاصل کیے۔

میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ دوسرے کوارٹر میں 19ویں منٹ میں نورامیرہ ذوالکفلی نے گول کرکے ملائیشیا کو برتری دلا دی۔ تاہم ہندوستان نے فوراً جواب دیا۔ خان ممتاز نے 19 منٹ 40 سیکنڈ پر گیند گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور برابر کردیا۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے جارحانہ رخ اختیار کیا۔ کپتان سلیمہ ٹیٹے نے 34 منٹ 32 سیکنڈ پر گول کرکے ہندوستان کو برتری دلائی۔ اس کے بعد 38 منٹ 50 سیکنڈ پر پوجا ساہو نے گول داغ کر اسکور 1-3 کردیا۔ چوتھے کوارٹر میں 48 منٹ 25 سیکنڈ پر لالریمسیامی نے ہندوستان کی جانب سے چوتھا گول کردیا۔ اس کے بعد ملائیشیا کی ٹیم واپسی نہیں کرسکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے پہلے دن کے پہلے مقابلے میں چین نے تھائی لینڈ کو 0-7 سے شکست دے کر جیت درج کی۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہیں کرسکیں، لیکن دوسرے کوارٹر میں چین نے 2 گول کرکے برتری حاصل کرلی۔ 27ویں منٹ میں فینگ کنگ میاؤ نے گول کیا، جبکہ 28ویں منٹ میں ڈینگ کیوچان نے دوسرا گول داغا۔ تیسرے کوارٹر میں چین نے 5 منٹ کے اندر مسلسل گول کرکے مقابلے کو یکطرفہ بنادیا۔ فینگ کنگ میاؤ نے 32ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے اپنا دوسرا گول کیا۔ اگلے ہی منٹ کپتان وی کی شیاؤ نے برتری میں اضافہ کردیا۔ اس کے بعد چن یوجن نے 38ویں اور ڈینگ کیوچان نے 42ویں منٹ میں گول کیا۔ آخری کوارٹر میں ژانگ ہی یانگ نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر چین کی برتری 0-7 کردی۔

آخری منٹ میں جاپان نے پلٹا میچ

دن کا دوسرا مقابلہ جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پورے وقت سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے 3 کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی۔ جاپان نے مسلسل حملے کیے اور پنالٹی کارنر کے مواقع بھی بنائے، لیکن کوریائی دفاعی کھلاڑیوں نے اس کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔

مقابلے کا فیصلہ آخری منٹ میں ہوا۔ 58 منٹ 59 سیکنڈ پر ملنے والے پنالٹی کارنر کو سائتو ہنامی نے گول میں بدل کر جاپان کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ جنوبی کوریا نے اسکور برابر کرنے کی کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس طرح جاپان نے 0-1 سے جیت درج کی۔

بھوپال میں 19 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ راؤنڈ رابن کی بنیاد پر ہونے والے مقابلوں میں ہر ٹیم دیگر 5 ٹیموں کے خلاف کھیلے گی۔ لیگ مرحلے کے بعد سرفہرست 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ میزبان ہندوستان موجودہ چیمپئن ہے اور گھریلو میدان پر ایک بار پھر خطاب جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande