ہندوستان میں گولف کی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے پی جی اے آف امریکہ اور ومترا وینچرس کے درمیان شراکت داری
فریسکو (ٹیکساس)، 19 نومبر (ہ س)۔ امریکہ کی معروف گولف تنظیم پی جی اے آف امریکہ نے ہندوستان میں گولف کے فروغ کو نئی رفتار دینے کے لیے سان فرانسسکو کی وینچر کیپٹل کمپنی ومترا وینچرس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ہن
GOLF-PGA-OF-AMERICA-VIMTRA


فریسکو (ٹیکساس)، 19 نومبر (ہ س)۔ امریکہ کی معروف گولف تنظیم پی جی اے آف امریکہ نے ہندوستان میں گولف کے فروغ کو نئی رفتار دینے کے لیے سان فرانسسکو کی وینچر کیپٹل کمپنی ومترا وینچرس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ہندوستان میں پی جی اے برانڈ کے تحت گولف کمیونٹی تیار کی جائے گی۔

مجوزہ منصوبے کے تحت جدید گولف سہولیات کے ساتھ رہائشی کمیونٹی بھی تیار کی جائے گی۔ یہاں رہنے والے افراد اور آنے والوں کو پی جی اے سے متاثر گولف پروگراموں، کوچنگ، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے سے متعلق اقدامات اور اعلیٰ معیار کی گولف سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ اس منصوبے کی پہلی سہولت 2029 میں تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

اس شراکت داری سے ہندوستانی گولف میں ومترا وینچرس کی سرمایہ کاری کو بھی مزید وسعت ملے گی۔ کمپنی حال ہی میں قائم کی گئی اے ایم گرین انڈین گولف پریمیئر لیگ (آئی جی پی ایل) میں چنئی لائنز جی سی فرنچائزی کی مالک ہے۔ اس ٹیم نے تجربہ کار ہندوستانی گولف کھلاڑی گگن جیت بھلر کی قیادت میں حیدرآباد اور وشاکھاپٹنم میں مسلسل دو آئی جی پی ایل خطاب اپنے نام کیے ہیں۔

اس منصوبے کا مقصد صرف گولف کورس تیار کرنا نہیں، بلکہ گولف کو مرکز میں رکھتے ہوئے ایسا رہائشی اور تفریحی ماحول تشکیل دینا ہے، جہاں لوگ اس کھیل سے وابستہ ہوسکیں اور اسے اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا سکیں۔

پی جی اے آف امریکہ کے گلوبل ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر شان تھورن بیری نے کہا کہ ہندوستان عالمی سطح پر گولف کے فروغ کے لیے طویل مدتی بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ ومترا وینچرس کے ساتھ شراکت داری سے ہمیں پی جی اے آف امریکہ کے برانڈ کی ساکھ اور اعتبار کو ایسی تنظیم کی مہارت کے ساتھ جوڑنے کا موقع ملے گا، جو ہندوستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے اور گولف مارکیٹ کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس نئے منصوبے کو لے کر پرجوش ہیں۔ اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گولف سے جوڑنے کے ساتھ ہندوستان میں گولف پر مبنی رہائشی طرز زندگی کے لیے ایک نیا معیار قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ومترا وینچرس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سبھاش یمّاڈا نے کہا کہ ہندوستان میں گولف اس وقت بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔ اس کی اہم وجوہات میں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، سرمایہ کاری میں توسیع اور اعلیٰ معیار کے طرز زندگی سے وابستہ تجربات کی بڑھتی ہوئی مانگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی جی اے آف امریکہ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہمیں دنیا کے ممتاز گولف برانڈز میں سے ایک کو ہندوستان لانے کا موقع ملا ہے۔

ہندوستھا ن سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande