
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ گھریلو زرمبادلہ بازار (فاریکس مارکیٹ) میں آج ہندوستانی کرنسی روپے نے اپنی مضبوطی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سات ماہ کی نئی بلند ترین سطح چھو لی۔ دن بھر کے کاروبار کے اختتام پر روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے گزشتہ بند بھاو¿ 93.45 کے مقابلے 0.16 روپے یعنی 0.17 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 93.29 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔
گھریلو شیئر بازار میں تقریباً ایک ہزار پوائنٹس کی زبردست تیزی، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بڑے پیمانے پر خریداری، ان کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور ڈالر انڈیکس میں کمزوری نے آج ہندوستانی کرنسی کو مضبوط سہارا دیا۔
آج صبح انٹر بینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں روپیہ دو پیسے کی مضبوطی کے ساتھ 93.43 روپے فی ڈالر پر کھلا تھا۔ ابتدائی کاروبار کے دوران ڈالر کی مانگ بڑھنے سے ایک وقت یہ پھسل کر 93.52 روپے فی ڈالر کی نچلی سطح تک بھی پہنچ گیا۔ تاہم دوپہر کے کاروباری سیشن میں جیسے جیسے گھریلو شیئر بازار میں زبردست خریداری تیز ہوئی اور برآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی آمد بڑھنے لگی، ویسے ویسے روپے میں مضبوطی آتی گئی۔ دن کے دوران ہندوستانی کرنسی 93.1550 روپے فی ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی اور آخر میں 93.29 روپے پر بند ہونے میں کامیاب رہی۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں اس شاندار تیزی کے ساتھ ساتھ دنیا کی دیگر اہم بین الاقوامی کرنسیوں کے مقابلے بھی آج روپے نے اپنی مضبوطی برقرار رکھی۔ برطانوی پاو¿نڈ کے مقابلے روپے میں زبردست بہتری دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں پاو¿نڈ گزشتہ بند بھاو¿ 123.0811 کے مقابلے 0.4464 روپے یعنی 0.36 فیصد کی کمی کے ساتھ 122.6347 پر بند ہوا۔ اسی طرح یورو کے مقابلے بھی روپیہ مضبوط رہا اور یورو 0.0213 روپے یعنی 0.02 فیصد گر کر 102.5439 کی سطح پر بند ہوا۔
اہم ایشیائی کرنسیوں کے مقابلے بھی آج ہندوستانی روپے کی کارکردگی کافی مضبوط رہی۔ جاپانی این کے مقابلے روپیہ 0.0028 روپے یعنی 0.48 فیصد مضبوط ہوا، جس سے ین کی قیمت گھٹ کر 0.5835 روپے رہ گئی۔ اسی طرح چینی یوآن کے مقابلے بھی ہندوستانی کرنسی نے اپنی پوزیشن مضبوط رکھی اور یوآن 0.0208 روپے یعنی 0.15 فیصد کی کمی کے ساتھ 13.9932 روپے پر بند ہوا۔
زرمبادلہ بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی طاقت ظاہر کرنے والا ڈالر انڈیکس آج 0.1200 پوائنٹس یعنی 0.12 فیصد کم ہو کر 103.69 پر آ گیا، جس سے روپے کو اضافی تقویت ملی۔ اس کے علاوہ نومبر کے مہینے میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں کی جانب سے ہندوستانی ایکویٹی بازار میں ریکارڈ سرمایہ کاری نے بھی روپے کو مضبوط سہارا دیا ہے۔
بازار کے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر غیر ملکی سرمایہ کی آمد اور شیئر بازار میں تیزی کا سلسلہ برقرار رہتا ہے تو قلیل مدت میں روپیہ 93 سے 93.80 روپے فی ڈالر کے دائرے میں مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد