
ویلنگٹن، 19 نومبر(ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میدان پر کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کے پلیئنگ الیون سے متعلق فیصلے نے سب کو حیران کر دیا۔ ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن ٹیم کی حتمی گیارہ رکنی ٹیم میں تجربہ کار تیز گیند باز محمد سراج کو جگہ نہیں ملی۔ سراج کو باہر رکھنے کے فیصلے پر کرکٹ کی دنیا میں بھی بحث شروع ہو گئی ہے۔ مشہور کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے اور سابق ہندوستانی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم نے اس میچ کے لیے 4 تیز گیند بازوں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، انشول کمبوج اور پرسدھ کرشنا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ وہیں، بیرون ملک کے حالات میں ہندوستانی گیند بازی کے اہم رکن مانے جانے والے محمد سراج کو باہر بیٹھنا پڑا۔
محمد سراج کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیے جانے پر مشہور کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے سراج کو باہر کیے جانے پر انہیں حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔
بھوگلے نے کہا کہ سراج نے وہ سب کچھ کیا ہے، جو ان سے کرنے کو کہا گیا۔ بمراہ کی غیر موجودگی میں انہوں نے گیند بازی کے شعبے کی ذمہ داری سنبھالی اور خود کو ایک بہترین اور مثبت سوچ رکھنے والا ٹیم کھلاڑی ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمبوج کے لیے نیک خواہشات، لیکن انہیں امید ہے کہ سراج کے ساتھ اس فیصلے کے بارے میں پوری ایمانداری سے بات کی گئی ہوگی۔
سابق ہندوستانی کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے بھی ٹیم مینجمنٹ کے اس فیصلے پر حیرت ظاہر کی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ پلیئنگ الیون میں محمد سراج اور رویندر جڈیجہ کو جگہ نہ ملنا ان کے لیے واقعی حیران کن فیصلہ ہے۔
ٹاس کے دوران کپتان شبھمن گل نے بھی تسلیم کیا کہ ٹیم کا امتزاج منتخب کرنا آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ گزشتہ ایک ہفتے سے اس بات پر غور کر رہی تھی کہ کن کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترا جائے، کیونکہ تمام تیز گیند باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
گل کے مطابق، سراج اور گرنور کو باہر رکھنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا۔ دونوں نے ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور گرنور کو تو سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم، ٹیم کو امید ہے کہ منتخب کیے گئے تیز گیند باز اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔
محمد سراج کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے۔ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے 23 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اوول میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹیں لے کر ہندوستان کی یادگار جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف گزشتہ 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بھی سراج نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے ہی سراج بیرون ملک کے حالات میں ہندوستانی ٹیم کے قابل اعتماد تیز گیند بازوں میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے اب تک ہندوستان کے لیے 48 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جن میں ان کے نام 144 وکٹیں درج ہیں۔ اس دوران انہوں نے 8 بار ایک اننگز میں 4 وکٹیں اور 5 بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ایسے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سراج کو باہر رکھنے کا فیصلہ یقیناً بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون: کے ایل راہل، یشسوی جیسوال، دیودت پڈیکل، شبھمن گل (کپتان)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، دھرو جوریل، آکاش دیپ، انشول کمبوج، جسپریت بمراہ اور پرسدھ کرشنا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن