
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے بدھ کے روز کہا کہ ہمارا مقصد کھیل یونیورسٹیوں کو مکمل کھیلوں کے نظام کا مرکز بنانا ہے، جہاں کھلاڑیوں، کوچز، تربیت، تحقیق، مقابلوں اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کو ایک ساتھ فروغ دیا جا سکے۔
مانڈویہ نے آج یہاں ملک کی 13 کھیل یونیورسٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں کھیل یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، مہارت اور وسائل کے تبادلے اور ہندوستان میں کھیلوں کی تعلیم، تحقیق، تربیت اور عالمی مسابقتی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک مربوط نظام قائم کرنے جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزی وزیر کھیل نے تمام یونیورسٹیوں کو ملک کے مفاد میں مخصوص کھیلوں کے شعبوں میں اپنی مہارت پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونیورسٹی کو کسی خاص کھیل، تربیت، اسپورٹس سائنس یا تحقیق کے شعبے میں اپنی مخصوص مہارت تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی اپنی مخصوص مہارت کے شعبوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ علم اور تجربات کا تبادلہ کرنے کی بھی ترغیب دی۔
مانڈویہ نے کہا کہ اب ہم الگ تھلگ رہ کر کام نہیں کریں گے۔ اپنی کوششوں، وسائل اور مہارت کو یکجا کرکے ہم ایک مضبوط اور باہمی تعاون پر مبنی قومی کھیل نظام تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے درمیان کوچز اور علم کے تبادلے کے ساتھ وسائل کی مشترکہ فراہمی کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
وزیر کھیل نے یونیورسٹیوں کو ایسے نظام قائم کرنے کی بھی ترغیب دی جو ہندوستان میں کھیلوں کے مکمل نظام اور صنعت کو مجموعی طور پر ترقی دینے میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اسپورٹس سائنس، اسپورٹس لاءاور اسپورٹس ٹورزم جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مہارت پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے، تاکہ ملک بھر میں ان شعبوں کے لیے تربیت یافتہ پیشہ ور افراد اور مضبوط ادارہ جاتی ماہرین تیار کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل یونیورسٹیوں کو صرف کھلاڑیوں کی تیاری تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایسے کھیل پیشہ ور افراد بھی تیار کرنے چاہئیں جو کھیلوں کے انتظام، انتظامیہ اور مجموعی کھیل نظام کی ترقی میں اپنا تعاون دے سکیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہندوستانی کھیل یونیورسٹیاں عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کریں اور دنیا کی سرکردہ یونیورسٹیوں میں اپنا مقام بنائیں۔
اس اجلاس میں امور نوجوانان و کھیل کی وزیر مملکت رکشا کھڑسے، سکریٹری (کھیل) ہری رنجن راو اور ملک بھر کی 13 کھیل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور دیگر نمائندے موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی