
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کے منی آکشن سے قبل سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے اپنے کئی بڑے کھلاڑیوں کو ریلیز کر دیا ہے۔ ان میں آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز ٹریوس ہیڈ کا نام بھی شامل ہے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری نے ہیڈ کو ریلیز کرنے کے فیصلے کی وجہ بتائی ہے۔
جیو اسٹار کے ’ٹاٹا آئی پی ایل 2027 ریٹینشن اسپیشل‘ پروگرام میں ویٹوری نے کہا کہ آسٹریلیائی بلے باز نے خود آئندہ آئی پی ایل سیزن سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ اگلے سال آسٹریلیا کے لیے ان کا شیڈول کافی مصروف رہنے والا ہے۔
ویٹوری نے کہا کہ اس بار کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے دوران کئی باتوں کو مدنظر رکھا گیا۔ یہ موجودہ دور کا آخری سال ہے، اس لیے ہم اپنی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھنا چاہتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت بھی محسوس ہوئی۔ کھلاڑیوں کی دستیابی ہمارے لیے ایک بڑا مسئلہ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریوس ہیڈ گزشتہ تین سال سے ہماری ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں، لیکن انہوں نے آئندہ سیزن میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا کے لیے ان کا آنے والا سال اہم ہے اور وہ اسی کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ وہ ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے، لیکن گزشتہ تین سال کے دوران ان کی خدمات کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ڈینیئل ویٹوری نے بتایا کہ سن رائزرس حیدرآباد آئندہ نیلامی میں ایسے کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہے گی، جو ٹیم کی موجودہ ضروریات اور کھیلنے کے انداز کے مطابق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم اپنے اسکواڈ اور پلیئنگ الیون کی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ہم ایسے کھلاڑیوں کی تلاش کریں گے جو ہماری ٹیم کے توازن کو بہتر بنا سکیں۔
سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ)
برقرار رکھے گئے کھلاڑی: پیٹ کمنز، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، ہینرک کلاسن، نتیش کمار ریڈی، برائیڈن کارس، سلیل اروڑہ، انیکیت ورما، ہرش دوبے، سمران روی چندرن، پرفل ہنگے، ثاقب حسین، شوانگ کمار، کرینس پھولیترا، ایشان ملنگا، ٹی نٹراجن (ٹریڈ)، ناتھن ایلس (ٹریڈ)، خلیل احمد (ٹریڈ)۔
ریلیز کیے گئے کھلاڑی: ٹریوس ہیڈ، کامندو مینڈس، جے دیو انادکٹ، دلشان مدوشنکا، اومکار ترملے، امیت کمار، شیوم ماوی، جیرالڈ کوئٹزی، ڈیوڈ پین، آر ایس امبریش۔
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ