
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ وزارت تجارت نے 25,060 کروڑ روپے کے برآمدات کے فروغ کے مشن (ایکسپورٹ پروموشن مشن) کے رہنما خطوط میں ترمیم کی ہے۔ اس کا مقصد بین الاقوامی تجارتی میلوں میں برآمد کنندگان کی شرکت بڑھانا، نئی منڈیوں تک رسائی آسان بنانا اور جغرافیائی مشکلات کا سامنا کرنے والے بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کو مزید مدد فراہم کرنا ہے۔
وزارت تجارت و صنعت نے بتایا کہ وسیع تر شرکت اور بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تجارت نے برآمدات کے فروغ کے مشن کی ’نریات دشا‘ ذیلی اسکیم کے تحت مارکیٹ تک رسائی میں مدد، تجارتی ضوابط، سرٹیفکیشن و تعمیل اور سامان کی ڈھلائی و نقل و حمل سے متعلق رہنما خطوط میں ترمیم کی ہے۔
ترمیم کے تحت بازار تک رسائی میں مدد کی اسکیم کے تحت خریدار اور فروخت کنندگان کی ملاقاتوں، تجارتی میلوں اور تجارتی وفود میں شرکت کے لیے ہوائی سفر کے اخراجات کی واپسی کی اہلیت کے سلسلے میں برآمدی کاروبار کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا دی گئی ہے۔ اسے گزشتہ سال کے 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہبہت چھوٹے و اور چھوٹے برآمد کنندگان کو ہوائی سفر کے اخراجات کا 95 فیصد تک، جب کہ دیگر اہل برآمد کنندگان کو 80 فیصد تک رقم واپس کی جائے گی۔ بازار تک رسائی میں مدد سے متعلق اس اسکیم کا مقصد خریداروں اور فروخت کنندگان کی ملاقاتوں، غیر ملکی خریداروں اور فروخت کنندگان کے اجلاس، تجارتی میلوں، نمائشوں اور بازاروں تک رسائی سے متعلق دیگر سرگرمیوں کے لیے منظم تعاون فراہم کرکے ہندوستانی برآمد کنندگان کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔
وزارت نے ان سرٹیفکیٹس کی فہرست میں بھی توسیع کی ہے جن کے حصول پر آنے والے اخراجات کی واپسی کی جا سکتی ہے۔ ان کی تعداد 462 سے بڑھا کر 600 کر دی گئی ہے۔ اس کا مقصد ایم ایس ایم ای کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیار، تحفظ اور تکنیکی معیارات پر پورا اترنے کے لیے مزید مدد فراہم کرنا ہے۔
تجارتی ضوابط، سرٹیفکیشن اور تعمیل سے متعلق معاون اسکیم کے تحت ایم ایس ایم ای کو معیار اور ضوابط کی پابندی سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں مدد دی جاتی ہے، تاکہ وہ بین الاقوامی معیارات پر پورا اتر سکیں۔اسی طرح لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ سے متعلق معاونت (لفٹ) کے تحت کم برآمدات والے اضلاع کو ملنے والی مدد کا دائرہ موجودہ 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بڑھا کر 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک کر دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد